سعودی وزیر توانائی شہزادہ عبدالعزیز بن سلمان نے کہا ہے کہ سعودی عرب کا جوہری پروگرام آگے بڑھ رہا ہے کیونکہ مملکت، توانائی کے ذرائع کو مستحکم بنانے اور پائیدار ترقی کی سپورٹ کےلیے کام کررہی ہے.وزیر توانائی شہزادہ عبدالعزیز بن سلمان کا کہنا تھا کہ سعودی عرب اپنی جوہری ترقی کو آگے بڑھا رہا ہے جس میں عالمی ایٹمی توانائی ایجنسی کے سیف گارڈز ایگریمنٹس کی پابندی کی جارہی ہے سعودی عرب اپنی بین الاقوامی ذمہ داریوں کو پورا کرنے کے لیے پر عزم ہے اور جوہری توانائی کو پرامن مقاصد کےلیے استعمال کرے گا.
شہزادہ عبدالعزیز بن سلمان نے پیرکو ویانا میں انٹرنیشنل اٹامک انرجی ایجنسی کی جنرل کانفرنس کے 68 ویں اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے کہا مملکت نے جوہری ریگولیٹری امور کے حوالے سے بنیادی تقاضے پورے کرلیے ہم پرامن جوہری توانائی کے لیے قومی منصوبے پرعملدرآمد جاری رکھے ہوئے ہیں جبکہ ہمارا نظام اور انفراسٹرکچر مطلوبہ بین الاقوامی ریگولیٹری ضروریات کو پورا کرتے ہیں شہزادہ عبدالعزیز بن سلمان نے کہا مملکت پرامن مقاصد کے لیے جوہری توانائی سے فائدہ اٹھانے کی طرف بڑھ رہی ہے، جس میں مملکت میں پہلے جوہری انرجی پلانٹ کی تعمیر شامل ہے.