راولپنڈی(ایجنسیاں) خصوصی عدالت نے توشہ خانہ ٹو کیس میں پاکستان تحریکِ انصاف کے بانی عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کو 17، 17 سال قید کی سزا سنا دی۔ فیصلہ خصوصی جج سینٹرل شاہ رخ ارجمند نے اڈیالہ جیل میں سماعت کے دوران سنایا۔
عدالت کے مطابق عمران احمد خان نیازی کی عمر رسیدگی اور بشریٰ عمران کے خاتون ہونے کے باعث سزا میں نرمی برتی گئی۔ دونوں پر ایک کروڑ 64 لاکھ روپے جرمانہ بھی عائد کیا گیا ہے، جرمانہ ادا نہ کرنے کی صورت میں اضافی قید ہوگی۔
فیصلے کے مطابق عمران خان کو تعزیراتِ پاکستان کی دفعات 34 اور 409 کے تحت 10 سال قیدِ سخت جبکہ انسدادِ بدعنوانی ایکٹ کی دفعہ 5(2) کے تحت 7 سال قید سنائی گئی۔ بشریٰ بی بی کو بھی انہی دفعات کے تحت مجموعی طور پر 17 سال قید کی سزا دی گئی۔
استغاثہ کے مطابق کیس مئی 2021 میں سرکاری دورے کے دوران سعودی ولی عہد کی جانب سے دیے گئے قیمتی بلغاری جیولری سیٹ کی کم قیمت پر خریداری سے متعلق ہے، جس کی مالیت تقریباً 8 کروڑ روپے بتائی گئی جبکہ مبینہ طور پر 2 کروڑ 90 لاکھ روپے ادا کیے گئے۔
عدالتی حکم نامے میں فوجداری ضابطۂ کار کی دفعہ 382-B کے تحت حراست کی مدت کو سزا میں شمار کرنے کا فائدہ بھی ملزمان کو دیا گیا ہے۔واضح رہے کہ عمران خان اگست 2023 سے مختلف مقدمات میں اڈیالہ جیل میں قید ہیں جبکہ بشریٰ بی بی بھی 190 ملین پاؤنڈ کیس میں سزا کاٹ رہی ہیں۔

