تیسرا ٹی20، سری لنکا نے پاکستان کو 14 رنز سے ہرا دیا

دمبولا(سپورٹس ڈیسک)تیسرے اور آخری ٹی20 میچ میں سری لنکا نے پاکستان کو 14 رنز سے شکست دے کر سیریز 1-1 سے برابر کر دی۔دمبولا میں کھیلا گیا فیصلہ کن میچ بارش سے متاثر ہوا، جس کے باعث میچ کو 12 اوورز فی اننگز تک محدود کر دیا گیا۔ پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے سری لنکا کو بیٹنگ کی دعوت دی، جس نے مقررہ اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 160 رنز بنائے اور پاکستان کو 161 رنز کا ہدف دیا۔

سری لنکا کی جانب سے کپتان دسن شناکا نے 34، کوشال مینڈس نے 30 جبکہ جنتھ لیانگے اور دننجایا ڈی سلوا نے 22، 22 رنز بنائے۔ پاکستان کی طرف سے وسیم جونیئر نے 3 وکٹیں حاصل کیں جبکہ محمد نواز، فہیم اشرف اور نسیم شاہ نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

جواب میں پاکستان کی ٹیم 161 رنز کے تعاقب میں 12 اوورز میں 8 وکٹوں پر 146 رنز ہی بنا سکی۔ سلمان علی آغا 45 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، محمد نواز نے 28 جبکہ ڈیبیو کرنے والے خواجہ نافع نے 26 رنز اسکور کیے۔ دیگر بلے بازوں میں صاحبزادہ فرحان 9، صائم ایوب 6، عثمان خان 1، شاداب خان 6 اور فہیم اشرف 9 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

سری لنکا کی جانب سے ونندو ہسارنگا نے 4، پراتھی رانا نے 2 جبکہ ایشان ملنگا نے ایک وکٹ حاصل کی۔واضح رہے کہ سیریز کے پہلے میچ میں پاکستان نے سری لنکا کو 6 وکٹوں سے شکست دی تھی جبکہ دوسرا میچ بارش کے باعث منسوخ ہو گیا تھا۔