تہران ( ایرانی پاسداران انقلاب، بین الاقوامی میڈیا)ایرانی پاسداران انقلاب نے خبردار کیا ہے کہ اگر ایران کی ایندھن تنصیبات پر امریکی اور اسرائیلی حملے نہ رُکے تو عالمی سطح پر تیل کی قیمتیں 200 ڈالر فی بیرل تک پہنچ سکتی ہیں۔
پاسداران انقلاب کے ترجمان خاتم الانبیاء فورس ابراہیم ذوالفقاری نے کہا کہ مسلم ممالک امریکا اور اسرائیل کے انسانیت کے خلاف بزدلانہ حملے روکیں، ورنہ ایران بھی خطے میں اسی طرز کی کارروائیاں کرے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر امریکا اور اسرائیل تیل کی قیمت دو سو ڈالر فی بیرل برداشت کر سکتے ہیں تو انہیں یہ کھیل کھیلنے دیا جائے۔
یاد رہے کہ آبنائے ہرمز کی بندش اور ایران کی تیل تنصیبات پر حملوں کے بعد عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں ایک ہی دن میں 30 فیصد اضافہ دیکھنے میں آیا۔دوران کاروبار برینٹ اور ڈبلیو ٹی آئی خام تیل کی فی بیرل قیمت 117 ڈالر تک پہنچ گئی، جس کے باعث جی 7 ممالک تیل کی قیمتوں میں کمی کے لیے متحرک ہو گئے۔
عالمی ماہرین کے مطابق خام تیل کی بڑھتی قیمتیں معیشتوں پر منفی اثر ڈال سکتی ہیں۔ جنگ کے پھیلنے کے خدشات کے باعث عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں 2022 کے وسط کے بعد بلند ترین سطح پر ہیں۔ بعض بڑے تیل پیدا کرنے والے ممالک نے رسد کم کر دی ہے جبکہ بحری جہاز رانی میں طویل رکاوٹوں کا خطرہ بھی بڑھ گیا ہے۔

