کراچی(بیورورپورٹ) آل راؤنڈر عماد وسیم کی اہلیہ ثانیہ اشفاق نے کہا ہے کہ ان کے اور عماد وسیم کے درمیان معاملات اس وقت تلخ ہوئے جب ایک تیسری شخصیت ان کے رشتے میں شامل ہوئی۔ عماد وسیم کے حالیہ بیان پر ردعمل دیتے ہوئے ثانیہ اشفاق نے کہا کہ اس پورے معاملے سے متعلق ہر بات کا دستاویزی ثبوت موجود ہے اور جو لوگ انہیں ثبوت پبلک نہ کرنے کی دھمکیاں دے رہے ہیں، ان سے قانونی طور پر نمٹا جائیگا۔
ثانیہ اشفاق کا کہنا تھا کہ وہ بدلے کے لیے نہیں بلکہ اپنے اور اپنے بچوں کے لیے سچ بول رہی ہیں اور ہر اس خاتون کی آواز بن رہی ہیں جسے خاموش کرا دیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان کا گھر اجڑ گیا، بچے اپنے والد سے محروم ہو گئے اور پانچ سالہ بچے کو اب تک اس کے والد نے نہیں تھاما۔
انہوں نے کہا کہ شادی میں مشکلات ضرور تھیں لیکن اس کے باوجود رشتہ قائم رہا اور انہوں نے بطور بیوی اور ماں اس رشتے کو نبھانے کی بھرپور کوشش کی۔ ان کا کہنا تھا کہ اصل مسئلہ اس وقت پیدا ہوا جب ایک خاتون، جو ان کے شوہر سے شادی کی خواہشمند تھیں، ان کی ازدواجی زندگی میں داخل ہوئیں۔
ثانیہ اشفاق نے مزید کہا کہ بچوں کے مستقبل اور گھر کے وقار کی خاطر انہوں نے ذہنی اذیت اور تلخ رویہ برداشت کیا، تاہم جو لوگ انہیں خاموش رہنے کا مشورہ دے رہے ہیں انہیں کہنا چاہتی ہیں کہ انصاف ضرور ہوگا۔
واضح رہے کہ اس سے قبل عماد وسیم نے سوشل میڈیا پر بیان جاری کرتے ہوئے کہا تھا کہ ان کے اور اہلیہ کے درمیان کئی برسوں سے اختلافات تھے جو حل نہیں ہو سکے، اسی لیے انہوں نے طلاق کے لیے کیس دائر کر دیا ہے۔ عماد وسیم نے عوام سے ان کی نجی زندگی کا احترام کرنے کی اپیل کی تھی اور کہا تھا کہ بچوں کی سرپرستی اور ذمہ داری وہ نبھاتے رہیں گے۔

