جاپان میں بوڑھے چوروں کے گینگ نے عالمی توجہ سمیٹنا شروع کردی

جاپان میں بوڑھے چوروں کے گینگ نے عالمی توجہ سمیٹنا شروع کردی۔

چینی اخبار کے مطابق یہ گینگ 3 بوڑھوں پر مشتمل ہے اور ان سب کی عمریں 70 سال سے اوپر ہیں اور مجموعی طور پر اس گینگ کی عمر 227 سال ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ان تینوں افراد نے مبینہ طور پر جیل میں اپنا گینگ بنایا اور پھر رہا ہونے کے بعد خالی گھروں کو اپنے غیرقانونی کاموں کے لیے استعمال کرنا شروع کیا۔

مقامی میڈیا کے مطابق مئی میں اس گروپ نے مبینہ طور پر بڑھاپے میں بہادری کا مظاہرہ دکھایا اور ایک خالی گھر میں گھس کر وہاں سے معمولی رقم اور شراب کی بوتلیں چوری کیں۔

ان تین بہادر اور بے خوف بوڑھوں نے اگلے ماہ اسی علاقے میں ایک اور خالی گھر میں ڈکیتی کی اور اس مرتبہ انہوں نے 10 لاکھ مقامی کرنسی اور زیورات چوری کیے۔

مقامی میڈیا کے مطابق اس بوڑھے گینگ کے مبینہ جرائم کی خبریں پھیلنے کے بعد لوگ ان کے بارے میں جاننے کی کوشش کر رہے ہیں تاہم گرفتاری کے وقت ان کو سہارے سے چلتے ہوئے دیکھا گیا۔

مقامی پولیس کے مطابق اس گینگ کے بوڑھے افراد سے تفتیش جاری ہے اور ان پر مزید 10 ڈکیتی کی وارداتوں کا بھی شبہ ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں