کراچی(شوبزرپورٹر)پاکستانی شوبز انڈسٹری کی معروف سینئر اداکارہ صبا فیصل نے اپنے بیانات کو غلط انداز میں پیش کرنے اور سوشل میڈیا پر تنقید کرنے والوں کو آڑے ہاتھوں لے لیا ہے۔حال ہی میں ایک مارننگ شو کے دوران بہوؤں کو مختلف مشورے دینے کے بعد صبا فیصل کو سوشل میڈیا پر ٹرولنگ کا سامنا کرنا پڑا، جس پر انہوں نے فوٹوز اینڈ ویڈیوز شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر ردِعمل دیا۔
انسٹا اسٹوری میں صبا فیصل نے اپنے نام سے منسوب ایک خبر کا اسکرین شاٹ شیئر کرتے ہوئے سوشل میڈیا پیجز پر برہمی کا اظہار کیا اور لکھا کہ شرپسند لوگ بات کا رخ بدل دیتے ہیں، ایسا نہیں کرنا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ جو نصیب میں ہے وہی ملتا ہے، اس سے زیادہ نہ شہرت مل سکتی ہے نہ فالوورز۔
واضح رہے کہ صبا فیصل نے حالیہ انٹرویو میں بہوؤں کے لباس اور آرام کے آداب سے متعلق گفتگو کی تھی، جس پر سوشل میڈیا صارفین کے درمیان بحث شروع ہوگئی تھی۔

