جرمنی: کرسمس کے دوران بینک والٹ سے 3 کروڑ یورو چوری

گیلزن کرشن( غیر ملکی میڈیا)جرمنی کے مغربی شہر گیلزن کرشن میں کرسمس تعطیلات کے دوران ایک بینک والٹ سے تقریباً 3 کروڑ یورو مالیت کی نقدی، سونا، زیورات اور دیگر قیمتی اشیا چوری ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ واردات اسپارکاسے سیونگز بینک میں پیش آئی، جہاں نامعلوم افراد نے انتہائی منظم اور پیشہ ورانہ انداز میں 3 ہزار سے زائد سیف ڈپازٹ باکسز لوٹ لیے۔ تفتیش کار اس بات کا جائزہ لے رہے ہیں کہ ملزمان کس طرح بیرونی راستے سے بینک کے محفوظ والٹ تک پہنچنے میں کامیاب ہوئے۔

پولیس کے مطابق ڈکیتی کے شواہد ایک پیچیدہ اور منظم کارروائی کی نشاندہی کرتے ہیں۔ پولیس ترجمان نے اس واردات کو مشہور فلم اوشنز الیون سے تشبیہ دیتے ہوئے کہا کہ اس کے لیے وسیع منصوبہ بندی، اندرونی معلومات اور مضبوط مجرمانہ عزم درکار تھا۔

پولیس کو اس جرم کا علم پیر کی علی الصبح اس وقت ہوا جب بینک میں فائر الارم بج اٹھا۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق ملزمان نے کرسمس سیزن کا فائدہ اٹھاتے ہوئے قریبی پارکنگ گیراج کے ذریعے بینک تک رسائی حاصل کی، ایک بڑے ڈرل کی مدد سے والٹ روم میں سوراخ کیا اور چوری شدہ سامان اسی راستے سے لے کر فرار ہو گئے۔