اوسلو: یورپی ملک ناروے کے شاہی خاندان سے تعلق رکھنے والی شہزادی نے اپنے روحانی پیشوا سے شادی کر لی۔میڈیا رپورٹس کے مطابق شہزادی مارتھا لوئیس نے ڈیرک ویریٹ سے شادی کا اعلان کر کے سب سے کو حیران کر دیا۔ جوڑے کی شادی کی تقریبات ساحل سمندر پر واقع عالی شان ہوٹل میں جاری ہیں۔جوڑے کی شادی میں ان کے 300 کے قریب عقیدت مند اور پیروکار شریک ہیں۔مارتھا لوئیس ناروے کے موجودہ ولی عہد شہزادہ ہاکون کی بڑی بہن ہیں۔ پچھلے دنوں شہزادی کا نام شاہی خاندان سے قطح تعلق کرنے کی وجہ سے خبروں میں آیا تھا۔دراصل مارتھا لوئیس دعویٰ کرتی ہیں کہ وہ ایک روحانی شخصیت ہیں اور جنات سے گفتگو کرتی ہیں۔ انہی عجیب و غریب خیالات کی وجہ سے انہیں اپنے خاندان سے الگ ہونا پڑا۔52 سالہ مارتھا لوئیس نے پہلی شادی ایک ایری بیہن نامی مصنف سے کی تھی جن سے ان کی 3 بیٹیاں ہیں۔ ایری بیہن نے شہزادی سے علیحدگی کے 3 سال بعد خودکشی کر لی تھی۔دوسری جانب، 49 سالہ ڈیرک ویریٹ امریکی شہری ہیں جو آسمانی مخلوق سے رابطہ رکھنے کا دعویٰ کرتے ہیں۔ ڈیرک ویریٹ سونے کے تمغے بیچنے کا کاروبار کرتے ہیں۔انہیں روحانی پیشوا ماننے والوں میں صرف شہزادی مارتھا لوئیس ہی نہیں بلکہ ہالی وڈ کی بڑی شخصیات بھی شامل ہیں۔