جنوبی لبنان میں 2 اسرائیلی فوجیوں کے مارے جانے کی تصدیق

تل ابیب/بیروت (عرب میڈیا، اسرائیلی فوج، لبنانی وزارت صحت) اسرائیل نے جنوبی لبنان میں جھڑپوں کے دوران اپنے 2 فوجیوں کے مارے جانے کی تصدیق کر دی ہے۔عرب میڈیا کے مطابق اسرائیلی فوج نے فوجیوں کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے تاہم اس حوالے سے مزید تفصیلات جاری نہیں کی گئیں۔

دوسری جانب حزب اللّٰہ نے اسرائیل کے شہر حیفا میں واقع نیول بیس پر مزید حملوں کا دعویٰ کیا ہے۔ عرب میڈیا کے مطابق حزب اللّٰہ کا کہنا ہے کہ اسرائیلی فوجی تنصیبات اور شمالی شہروں کو نشانہ بنایا گیا ہے۔حزب اللّٰہ کے مطابق یہ حملے لبنان کے شہروں اور قصبوں پر اسرائیلی کارروائیوں کے جواب میں کیے گئے ہیں۔

ادھر اسرائیلی ریسکیو سروس کے مطابق وسطی اسرائیل پر ایران کے میزائل حملوں میں 3 افراد زخمی ہوئے ہیں۔لبنانی وزارت صحت کے مطابق لبنان پر اسرائیلی حملوں میں جاں بحق افراد کی تعداد بڑھ کر 394 ہو گئی ہے، جن میں 83 بچے بھی شامل ہیں جبکہ حملوں میں ایک ہزار 130 افراد زخمی ہوئے ہیں۔