راولپنڈی: جنوبی وزیرستان میں سکیورٹی فورسز سے مقابلے میں 5 خارجی مارے گئے جبکہ شر پسندوں سے بہادری سے لڑتے ہوئے 4 جوان شہید ہوگئے۔فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق کرامہ میں سکیورٹی فورسز اور خوارج کے درمیان جھڑپ ہوئی، فائرنگ کے تبادلے میں 5 خارجی ہلاک ہوئے۔ کارروائی میں 4 سکیورٹی اہلکار شہید ہوئے جن میں نائب صوبیدار تائب شاہ، لانس نائیک گلاب زمان، لانس نائیک مزمل محمود اور لانس نائیک حبیب اللہ شامل ہیں۔
علاقے میں ممکنہ خارجیوں کے خاتمے کیلیے کلیئرنس آپریشن کیا گیا۔ سکیورٹی فورسز دہشتگردی کے خاتمے کیلیے پُرعزم ہیں اور جوانوں کی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید تقویت دیتی ہیں۔38 سالہ نائب صوبیدار تائب شاہ کا تعلق ضلع ٹانک سے ہے جنہوں نے 20 سال تک دفاع وطن کا مقدس فریضہ سر انجام دیا۔ شہید کے سوگواران میں والدین اور اہلیہ شامل ہیں۔30 سال کے لانس نائیک گلاب زمان کا تعلق ضلع کرک سے ہے جنہوں نے 9 سال تک وطن عزیز کی حفاظت کا فریضہ سر انجام دیا۔28 سالہ لانس نائیک حبیب اللہ کا تعلق ضلع اورکزئی سے ہے جنہوں نے 7 سال تک پاکستان کے دفاع کی جنگ لڑی۔ضلع کرک کے رہائشی لانس نائیک مزمل محمود شہید کی عمر 37 سال ہے اور انہوں نے 7 سال تک دفاع وطن کا مقدس فریضہ سر انجام دیا۔