وانا (آئی ایس پی آر) جنوبی وزیرستان کے علاقے وانا میں کیڈٹ کالج پر دہشت گردوں کا حملہ سیکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ناکام بنا دیا۔ فائرنگ کے تبادلے میں 2 دہشت گرد ہلاک ہو گئے جن کا تعلق بھارتی پراکسی گروہ “فتنۃ الخوارج” سے بتایا جا رہا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گردوں نے بارود سے بھری گاڑی کالج کے مرکزی گیٹ سے ٹکرا دی، جس کے نتیجے میں دروازہ گر گیا اور قریبی عمارتوں کو نقصان پہنچا۔دھماکے کے بعد دہشت گرد کالج میں داخل ہوئے اور انتظامی بلاک میں محصور ہو گئے۔فوج کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے فوری طور پر کلیرنس آپریشن شروع کیا اور انتہائی پیشہ ورانہ مہارت کے ساتھ دونوں دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔
آئی ایس پی آر نے کہا کہ سیکیورٹی اہلکاروں نے غیر متزلزل بہادری دکھاتے ہوئے دہشت گردوں کے ناپاک عزائم ناکام بنا دیے۔ترجمان کے مطابق حملہ آوروں کا تعلق کالعدم تنظیم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) سے تھا، جنہیں ریاست “فتنۃ الخوارج” کے نام سے یاد کرتی ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ دہشت گرد اپنے ہینڈلرز سے افغانستان میں رابطے میں تھے اور کارروائی کے دوران وہاں سے ہدایات حاصل کر رہے تھے۔آئی ایس پی آر نے واضح کیا کہ پاکستان افغان سرزمین سے دہشت گردی کے خلاف کارروائی کا حق محفوظ رکھتا ہے۔
فوجی ترجمان کے مطابق دہشت گردوں کا منصوبہ 2014 کے آرمی پبلک اسکول حملے جیسی کارروائی دہرانا تھا تاکہ قبائلی علاقوں کے نوجوانوں میں خوف پیدا کیا جا سکے۔بیان میں کہا گیا کہ ’’یہ خوارج تعلیم کے دشمن ہیں، جو ہمارے بچوں کے مستقبل کو نشانہ بنا رہے ہیں۔‘‘
واضح رہے کہ گزشتہ ایک سال کے دوران خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں دہشت گردی کی کارروائیوں میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔یہ سلسلہ اس وقت تیز ہوا جب ٹی ٹی پی نے نومبر 2022 میں حکومت کے ساتھ جنگ بندی ختم کر کے ریاستی اداروں کے خلاف کارروائیوں کا اعلان کیا۔
آئی ایس پی آرکے ترجمان نے کہاہے “یہ حملہ اُن قوتوں کی شکست ہے جو ہمارے بچوں کو علم سے محروم رکھنا چاہتی ہیں، مگر قوم متحد ہے اور دہشت گردی کا مکمل خاتمہ کرے گی۔”

