جنگ کے خاتمے کا تعین ہم کریں گے:ایرانی پاسداران انقلاب

تہران (ایجنسیاں) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے حالیہ بیان پر ردعمل دیتے ہوئے ایرانی پاسدارانِ انقلاب نے کہا ہے کہ جنگ کے خاتمے کا فیصلہ ایران خود کرے گا۔

پاسداران انقلاب کے بیان میں کہا گیا ہے کہ اگر امریکا اور اسرائیل کے حملے جاری رہے تو خطے سے ایک لیٹر تیل بھی برآمد نہیں ہونے دیا جائے گا۔ ایران کے بارے میں صدر ٹرمپ کے بیانات کو بےمعنی قرار دیتے ہوئے پاسداران انقلاب نے کہا کہ خطے میں سلامتی یا تو سب کے لیے ہوگی یا کسی کے لیے نہیں ہوگی۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ جو ملک اسرائیلی اور امریکی سفیروں کو نکالے گا وہ آبنائے ہرمز کو استعمال کر سکتا ہے، اور ان ممالک کو آج سے آبنائے ہرمز سے گزرنے کی مکمل آزادی حاصل ہوگی۔

قبل ازیں امریکی نشریاتی ادارے سی بی ایس نیوز سے گفتگو میں صدر ٹرمپ نے کہا تھا کہ ان کے خیال میں ایران کے خلاف جنگ بڑی حد تک مکمل ہو چکی ہے اور ایران کے پاس اب میزائل صرف چند ہی رہ گئے ہیں۔