لاہور(نمائندہ خصوصی)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے صاحبزادے اور سابق وزیراعظم نواز شریف کے نواسے جنید صفدر کی دوسری شادی کی تصدیق ہو گئی ہے۔ یہ تصدیق مسلم لیگ (ن) کے سابق رکنِ قومی اسمبلی شیخ روحیل اصغر نے کی ہے، جن کی پوتی شانزے سے جنید صفدر کی شادی طے پائی ہے۔
شیخ روحیل اصغر نے صحافی شازیہ ذیشان سے گفتگو میں بتایا کہ ان کی پوتی شانزے، جنید صفدر کی بہن ماہ نور صفدر کی قریبی دوست ہیں اور دونوں خاندانوں کے درمیان کافی عرصے سے میل جول تھا۔ ان کے مطابق شانزے کی مریم نواز سے بھی ملاقات رہتی تھی، جس کے بعد یہ رشتہ طے پایا۔
روحیل اصغر کا کہنا تھا کہ جب ان کے بیٹے نے ان سے مشورہ کیا تو انہوں نے اسے اللہ کی نعمت قرار دیتے ہوئے رشتہ قبول کرنے کا مشورہ دیا۔ ان کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب سے ملاقات کے بعد خود نواز شریف نے ان کے خاندان کو مدعو کیا، جہاں شادی کی تاریخیں طے ہوئیں۔
انہوں نے بتایا کہ شادی کی تقریبات 16، 17 اور 18 جنوری کو ہوں گی۔ مشترکہ مہندی اور ولیمہ شریف خاندان کی جانب سے جاتی امرا میں منعقد ہوگا جبکہ دلہن کے خاندان کی طرف سے استقبالیہ لاہور کے لیک سٹی گالف اینڈ کنٹری کلب میں دیا جائے گا۔
شیخ روحیل اصغر نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ تین ماہ کے دوران شادی کرنے والی شانزے ان کی تیسری پوتی ہیں اور انہیں امید ہے کہ یہ تقریبات روایتی انداز میں خوش اسلوبی سے منعقد ہوں گی۔
واضح رہے کہ جنید صفدر کی یہ دوسری شادی ہے۔ اس سے قبل انہوں نے 2021 میں سابق چیئرمین نیب سیف الرحمن کی صاحبزادی عائشہ سیف خان سے شادی کی تھی، تاہم یہ جوڑا 2023 میں علیحدہ ہو گیا تھا اور جنید صفدر نے اکتوبر 2023 میں طلاق کا اعلان کیا تھا۔

