جنید صفدر کی منگنی کی تقریب سادگی سے منعقد ، شادی رواں سال متوقع

لاہور(نمائندہ خصوصی)وزیراعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدر کے صاحبزادے جنید صفدر ایک بار پھر ازدواجی زندگی کے سفر کا آغاز کرنے جا رہے ہیں۔ پارٹی ذرائع کے مطابق، جنید صفدر کی منگنی سابق وزیراعظم محمد نواز شریف کے کزن جاوید شفیع کی پوتی سے طے پا گئی ہے۔ جنیدصفدرکی منگیتر جاوید شفیع کے صاحبزادے عثمان جاوید شفیع کی بیٹی ہیں۔

منگنی کی تقریب لاہور کے ماڈل ٹاؤن میں سادگی سے انجام پائی، جس میں صرف قریبی خاندانی افراد نے شرکت کی۔ خاندان کے قریبی ذرائع کے مطابق، شادی کی تقریبات نومبر یا دسمبر 2025 میں متوقع ہیں۔

یہ امر قابلِ ذکر ہے کہ جنید صفدر کی 2021 میں سابق سینیٹر سیف الرحمٰن کی صاحبزادی عائشہ سیف سے شادی ہوئی تھی تاہم اکتوبر 2023 میں ان دونوں کے درمیان علیحدگی ہوگئی تھی جس کی تصدیق جنید صفدر نے خود اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر کی تھی۔

کیمبرج یونیورسٹی سے فارغ التحصیل جنید صفدر نہ صرف تعلیمی میدان میں ممتاز مقام رکھتے ہیں بلکہ وہ ایک باصلاحیت پولو کھلاڑی بھی ہیں۔ انہوں نے برطانیہ کی مختلف یونیورسٹیوں کی نمائندگی کرتے ہوئے بین الاقوامی سطح پر کئی اعزازات اپنے نام کیے۔ حال ہی میں وہ لندن سے پاکستان واپس آئے ہیں تاکہ اپنی والدہ، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز، کی سیاسی ذمہ داریوں میں ان کا ساتھ دے سکیں۔

اپنا تبصرہ لکھیں