واشنگٹن: ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان کا کہنا ہے کہ امریکی صدر جوبائیڈن اور ان کی انتظامیہ اسرائیلی جنگی جرائم میں برابر کے شریک ہیں۔
امریکا میں مغربی ملکوں کے عسکری اتحاد نیٹو کے سربراہی اجلاس میں شرکت کے دوران رجب طیب اردوان نے ایک انٹرویو میں کہا کہ امریکا اسرائیل کی جانب سے بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزیوں کو نظر انداز کر کے سب سے زیادہ مدد فراہم کرتا ہے۔
ترکیہ صدر نے کہا کہ عالمی قوانین کی خلاف ورزی پر اسرائیل کے خلاف کون پابندیاں عائد کرے گا، اس سوال کا جواب کوئی نہیں دے رہا۔
انہوں نے اسرائیل کی پشت پناہی پر مغربی ملکوں کو بھی شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔
گزشتہ روز نیٹو اجلاس میں امریکا نے بتایا تھا کہ نیٹو نے یوکرین کو ایف 16 طیاروں کی منتقلی شروع کر دی۔ امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے بتایا تھا کہ روس کے خلاف دفاع کو مضبوط بنانے کیلیے یوکرین کو طیارے دیے جا رہے ہیں۔
انٹونی بلنکن نے بتایا تھا کہ ایف 16 طیارے ڈنمارک اور نیدرلینڈز سے یوکرین بھیجے جا رہے ہیں۔
یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی نے امریکا، ڈنماک اور نیدرلینڈ کا طیارے بھیجنے پر شکریہ ادا کیا تھا۔ رپورٹ کے مطابق ناروے کی جانب سے بھی یوکرین کو 6 ایف 16 طیارے دیے جائیں گے۔
برطانوی وزیر اعظم کیئر اسٹارمر نے اجلاس سے قبل میڈیا سے گفتگو میں کہا تھا کہ یوکرین روس کو کے خلاف برطانیہ کے میزائل استعمال کر سکتا ہے۔
انہوں نے کہا تھا کہ یوکرین برطانیہ کے فراہم طویل فاصلے تک مار کرنے والے میزائل استعمال کر سکتا ہے، برطانیہ کی جانب سے فراہم سٹارم شیڈو میزائل یوکرینی افواج کیلیے تھے۔