سربین ماڈل و اداکارہ نتاشا اسٹینکووچ اور بھارتی کرکٹر ہاردیک پانڈیا کی علیحدگی کے بعد سامنے آنے والے نئے انکشافات کی وجہ سے اب سوشل میڈیا پر نتاشا کو حمایت ملنے لگی۔
نتاشا اسٹینکووچ اور ہاردیک پانڈیا نے جولائی 2024 میں اپنی علیحدگی کا اعلان کیا تھا، جس کے بعد سوشل میڈیا پر نتاشا کو شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔سوشل میڈیا پر صارفین بالخصوص بھارتی مداحوں کی جانب سے نتاشا کو اسٹار کرکٹر کی زندگی خراب کرنے کا الزام دیا جاتا رہا۔
تاہم اب حالات اچانک بدلتے نظر آرہے ہیں، جس کی وجہ ہاردیک پانڈیا کی نئی گرل فرینڈ جیسمین والیا کے ساتھ ڈیٹنگ کی افواہیں قرار دی جارہی ہیں۔سوشل میڈیا پر بڑی تعداد میں صارفین نتاشا سے معذرت کرنے لگے۔سربین ماڈل کی حالیہ پوسٹس پر تبصرہ کرتے ہوئے ایک صارف نے لکھا “معذرت نتاشا، ہم نے آپ کو پوری کہانی جانے بغیر ہی مورد الزام ٹھہرادیا۔ آپ ہاردیک سے بہتر کے لائق ہیں۔”
ایک اور صارف نے لکھا کہ “صرف اس لیے کہ ہاردیک ایک مشہور کرکٹر اور امیر شخصیت ہے، اس کا مطلب یہ نہیں کہ نتاشا کو الزام دینا درست ہے۔”علم میں رہے کہ ہاردیک پانڈیا اور جیسمین والیا کی ڈیٹنگ کی افواہیں اس وقت زیر گردش کرنے لگیں جب دونوں اسٹارز کی جانب سے شیئر کی گئی تصاویر میں ایک ہی پس منظر دیکھا گیا اور اس کے بعد سے ہی مداحوں میں تجسس پیدا ہوگیا۔