حب(نامہ نگار)پاکستان کے سب سے منفرد اور خطرناک آف روڈ ’حب ریلی کراس‘ کا میلہ گڈانی کے ساحل پر اتوار کو سجے گا۔حب ریلی کراس کی انتظامیہ کے مطابق گڈانی کے ساحل پر رفتار کی جنگ شروع ہو چکی ہے، جس کیلئےملک بھر سے آنے والے ڈرائیورز نے ریکی (ٹیسٹ ڈرائیونگ) شروع کر دی ہے، اسپیڈ اور مہارت کے اس کھیل کیلئے 50 کلو میٹر کا مشکل ٹریک تیار کر لیا گیا، جس میں 7 کلو میٹر کی ساحلی پٹی بھی شامل ہیں۔
آف روڈ ریسنگ کے بڑے نام نادر مگسی، صاحبزادہ سلطان محمد علی سمیت ملک کے صف اول کے ڈرائیورز ایونٹ کے دوران اپنی مہارت کے جوہر دکھائیں گے جب کہ جیئند ہوت اپنے اعزاز کا دفاع کریں گے۔ریسنگ ایونٹ کیلئے پرو، اسٹاک، لیڈیز، ویٹرنز کے مقابلے شیڈول کیے گئے، پہلی بار الیکٹرک کار کی بھی کیٹیگری کو مقابلوں میں شامل کر لیا گیا۔
ریسنگ مقابلوں میں بائیکرز کے مقابلے بھی شیڈول ہیں، جس میں 9 مختلف بائیکس کلبز کی ٹیمیں بھی ایکشن میں ہوں گی۔ تماشائیوں کے بیٹھنے کیلئےخصوصی انکلوژر بھی بنایا گیا ہے، ریلی کا فائنل مرحلہ اتوار کو منعقد ہوگا۔

