حزب اللّٰہ کے ڈرون حملے میں 1 اسرائیلی فوجی ہلاک متعدد زخمی

لبنانی تنظیم حزب اللّٰہ نے اسرائیل کے مضبوط دفاعی نظام ’آئرن ڈوم‘ کو چکمہ دے کر اسرائیلی فوجی اڈوں پر حملہ کردیا۔

بین الاقوامی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق حزب اللّٰہ کی جانب سے کیے گئے ڈرون حملوں میں ایک اسرائیلی فوجی کی ہلاکت اور 10 کے زخمی ہونے کی تصدیق ہوگئی ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ حزب اللّٰہ کے دھماکہ خیز مواد سے لدے 2 ڈرونز نے اسرائیلی فوج کے فضائی دفاعی نظام کو چکمہ دیتے ہوئے اسرائیلی کے شہر حرفیش میں پُراسرار انداز میں کارروائی کی۔

حزب اللّٰہ نے ڈرونز حملوں کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ یہ حملہ جنوبی لبنان میں اسرائیلی فوج کے حالیہ ہلاکت خیز حملوں کا جواب ہے۔

دوسری جانب، اسرائیلی فوج کی جانب سے جاری بیان میں ایک اہلکار کی ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ اس بات کی تحقیقات کی جا رہی ہے کہ’آئرم ڈوم‘ ڈرونز کو روکنے میں کیوں ناکام رہا۔

بیان میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ حزب اللّٰہ کے ڈرون حملے میں ہلاک ہونے والے فوجی کی شناخت 39 سالہ اسٹاف سارجنٹ ریفیل کوڈرز کے نام سے ہوئی ہے۔

واضح رہے کہ حزب اللّٰہ کے ساتھ اسرائیلی فوج کی جھڑپوں میں اب تک کم از کم 15 اسراائیلی فوجی اور 11 عام شہری ہلاک ہوچُکے ہیں جبکہ ان جھڑپوں کے باعث لبنان میں 455 افراد شہید ہوچُکے ہیں جن میں زیادہ تر جنگجو ہیں لیکن اعداد و شمار کے مطابق 88 عام شہری بھی شامل ہیں۔

اسرائیلی فوج کے مطابق 7 اکتوبر سے اب تک 645 اسرائیلی فوجی ہلاک ہوچُکے ہیں جن میں سے 294 اسرائیلی فوجی فلسطینی علاقے میں حماس کے خلاف لڑتے ہوئے ہلاک ہوئے۔

اپنا تبصرہ لکھیں