حزب اللہ کے سربراہ حسن نصر اللہ کی خفیہ مقام پر تدفین کردی گئی۔عرب میڈیا کی رپورٹ کے مطابق حزب اللہ سربراہ حسن نصر اللہ کی خفیہ مقام پر تدفین کی گئی ہے جبکہ یہ اقدام ان کے جنازے پر اسرائیل کے ممکنہ حملے کی وجہ سے کیا گیا ہے۔
حزب اللہ سے منسلک ذرائع کا کہنا ہے کہ حسن نصر اللہ کی تدفین عارضی طور پر خفیہ جگہ پر کی گئی ہے تاکہ ممکنہ اسرائیلی حملے سے بچا جاسکے۔رپورٹ کے مطابق لبنان کے سرکاری اہلکار نے کہا ہے کہ حزب اللہ نے لبنانی حکومت کے ذریعے امریکا سے نصر اللہ کے جنازے پر حملہ نہ ہونے کی ضمانت حاصل کرنے کی کوشش کی تھی لیکن اس پر پیشرفت نہ ہوسکی۔
علاوہ ازیں ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای نے تہران میں نماز جمعہ کے بعد اپنے خطاب میں نصراللہ کے لیے لفظ بھائی کا استعمال کرتے ہوئے انہیں لبنان کا روشن ستارہ قرار دیا۔انہوں نے کہا کہ نصراللہ مسلمانوں کی ایک بلند اور واضح آواز تھے اور ان کی شہادت کے بعد ان کی مقبولیت میں مزید اضافہ ہوگا۔
خامنہ ای کا کہنا تھا کہ میرے بھائی نصراللہ میرے فخر کا باعث تھے، وہ مظلوموں کے حق میں بہادری سے کھڑے رہتے تھے۔ ان کی شہادت سے ان کا راستہ اور ان کی گونجتی ہوئی آواز ہمیشہ کے لیے ہمارے درمیان موجود رہے گی۔واضح رہے کہ حسن نصراللہ 27 ستمبر کو اسرائیلی حملے کے دوران بیروت میں حزب اللہ کے ایک خفیہ بنکر میں اسرائیلی دھماکوں کے نتیجے میں شہید ہوگئے تھے۔