حقیقی زندگی میں تو کیا فلموں میں کسی کردار کےلیے بھی بال نہیں کٹوائیں گی:جھانوی

ابھرتی ہوئی بھارتی اداکارہ جھانوی کپور نے کہا ہے کہ وہ اپنی والدہ کی وجہ سے حقیقی زندگی میں تو کیا فلموں میں کسی کردار کےلیے بھی اپنے بال نہیں کٹوائیں گی۔

اس کی وجہ بتاتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ سب انکی والدہ سری دیوی کی وجہ سے ہے جنہیں اپنی بیٹی کے بال بےحد پسند تھے۔

ہوا کچھ یوں کہ ایک انٹرویو کے دوران جھانوی کپور سے سوال کیا گیا کہ وہ ایسا کونسا کام ہے جو فلموں کے کردار کےلیے بھی نہیں کریں گی؟ اس پر جھانوی نے جواب دیا کہ وہ فلموں کےلیے اپنے بال نہیں کٹوائیں گی حتیٰ کہ یہ انکی پیشہ ورانہ زندگی کا پہلا اور آخری سنہری موقع ہی کیوں نہ ہو۔

جھانوی کا کہنا تھا کہ میک اپ آرٹسٹ مجھے بالڈ کیپ لگاسکتے ہیں اور اسکے لیے وی ایف ایکس کا استعمال کرسکتے ہیں۔ میں نے فلموں کےلیے اپنے کندھے کو نقصان پہنچایا، میرا خون بھی بہا، ہڈیاں بھی ٹوٹیں اور اپنے آپ کو ہر پریشانی میں ڈال لیا لیکن فلموں میں گنجا ہونا ایک ایسا عمل ہے جسے میں مسترد کردوں گی۔

انہوں نے بتایا کہ حتیٰ کہ فلم الجھ میں بھی سدھانشو (فلم ڈائریکٹر) چاہتے تھے کہ میں اپنے بال کٹواؤں اور یہیں میری ان سے لڑائی ہوتی تھی۔

بالوں کے پیچھے چھپی کہانی بتاتے ہوئے جھانوی کا کہنا تھا کہ مجھے یاد ہے کہ دھڑک کے دوران جب میں نے اپنے بال کٹوائے تو میری والدہ نے مجھے خوب ڈانٹا اور کہا کہ “تم ایسا کیسے کرسکتی ہو؟، اپنے کردار کےلیے بال مت کٹواؤ۔”

جھانوی نے بتایا کہ “ہر تیسرے چوتھے دن میری والدہ خود اپنے ہاتھوں سے میرے سر میں تیل لگاتی اور مساج کیا کرتی تھیں۔ وہ میرے بالوں پر فخر محسوس کرتی تھیں، لہٰذا میں اپنے بال نہیں کٹواؤں گی۔”

اپنا تبصرہ لکھیں