صنعا(ایجنسیاں)یمن کے حوثی باغیوں نے اسرائیل کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر میزائل داغ دیا جس سے پروازوں کی آمدورفت معطل ہوگئی۔
قطری نشریاتی ادارے الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق یمن سے داغے گئے ایک بیلسٹک میزائل نے اسرائیل کے بین گوریون بین الاقوامی ہوائی اڈے کے بیرونی علاقے کو نشانہ بنایا ہے، جس سے ایک سڑک اور ایک گاڑی کو نقصان پہنچا ہے اور فضائی ٹریفک رک گئی ہے۔
اسرائیلی فوج نے اتوار کی صبح تصدیق کی کہ اس کے دفاعی نظام کئی بار روکنے کی کوشش کے باوجود اس پروجیکٹائل کو مار گرانے میں ناکام رہا، واقعے کی تحقیقات جاری ہیں، جبکہ طبی عملے کے مطابق اس حملے میں آٹھ افراد زخمی ہوئے ہیں۔
الجزیرہ کے مطابق یمن کے حوثی باغیوں نے، جو غزہ کی پٹی پر اسرائیل کی جنگ اور ناکہ بندی کی مخالفت میں اسرائیل پر حملے کر رہے ہیں، اسرائیل کے مصروف ترین ہوائی اڈے پر داغے گئے میزائل کی ذمہ داری قبول کی۔
ایک ٹیلی ویژن بیان میں، حوثی فوجی ترجمان یحییٰ سریع نے ایئر لائنز کو خبردار کیا کہ بن گوریون ہوائی اڈہ ’ اب فضائی سفر کیلئے محفوظ نہیں رہا’ ۔
اس حملے کے نتیجے میں وسطی اسرائیل کے ہوائی اڈے پر پروازوں کو مختصر طور پر معطل کر دیا گیا اور کچھ کو دوسری طرف موڑنا پڑ ا جبکہ ہوائی اڈے کے تمام داخلی راستوں کو بھی مختصر طور پر بند کر دیا گیا جبکہ سائٹ کی طرف جانے والی ٹرینوں کا سفر روک دیا گیا۔
اسرائیلی میڈیا کے مطابق، وسطی اسرائیل میں سائرن بج اٹھے، جس سے بہت سے لوگ پناہ گاہوں میں چلے گئے۔آن لائن گردش کرنے والی جائے وقوعہ کی ویڈیوز میں دکھایا گیا ہے کہ میزائل ہوائی اڈے کے اندر ایک رابطہ سڑک پر گرا اور ملبہ قریبی سڑکوں پر بکھر گیا۔