حکومت اعتماد میں نہیں لیتی تو کسی قرارداد کو سپورٹ نہیں کریں گے، بیرسٹر گوہر

چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ حکومت اعتماد میں نہیں لیتی تو ہم کسی بھی قرارداد کو سپورٹ نہیں کریں گے۔

امریکی ایوان نمائندگان کے جواب میں پاکستانی پارلیمنٹ میں قرارداد لانے کا معاملے پر میڈیا سے بات چیت میں چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ ہم نے نہ قرارداد دیکھی نہ ہی کسی حکومتی قرارداد کی حمایت کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ چین سمیت عالمی مبصرین نے پاکستانی الیکشن پر کیا رپورٹ دی وہ بھی بتایا جائے۔ الیکشن میں ہمیں جو لیول پلیئنگ فیلڈ نہیں ملی اس کے بارے میں کیا کہا گیا۔

بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ اگر امریکی نمائندگان اس قرارداد کو ویلکم کرتے ہیں تو یہ ان کی مرضی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستانی نژاد امریکی شہریوں نے اگر کوئی قرارداد دی تو یہ پارٹی کنٹری بیوشن نہیں ان کا ذاتی معاملہ ہے۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے بانی پی ٹی آئی کے عدت نکاح کیس کے معاملے پر بات کرتے ہوئے کہا کہ عدت کیس معاملے پر ناانصافی ہوئی، لوئر جوڈیشری کو ہم نے مضبوط کرنا ہے۔ ہمیں شواہد پیش کرنے اور فیئرٹرائل کا موقع نہیں دیا گیا۔ یہ بالکل ایک سیاسی انتقام والا جھوٹا کیس تھا۔

بیرسٹرگوہر کا کہنا تھا کہ ہمارے ورکرز چاہتے ہیں جلدازجلد بانی پی ٹی آئی کی رہائی ہو۔ ورکرز کو بتایا کہ رہائی کےلیے ہم قانونی جنگ لڑ رہے ہیں۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ اختلاف رائے پارٹیوں میں ہوتا ہے، تحریک انصاف میں کوئی فارورڈ بلاک نہیں۔

اپنا تبصرہ لکھیں