وزیر اعظم شہباز شریف کو پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی نے باضابطہ
طور پر پی سی بی، آئی سی سی اور بی سی بی کے نمائندوں کے درمیان ہونیوالے
اعلیٰ سطح کے مذاکرات کے نتائج سے آگاہ کیا جس کے بعد میچ کھیلنے کا فیصلہ ہوا
حکومت اور میں کسی دھمکی سے ڈرنے والے نہیں ہمارے فیلڈ مارشل کا بھی سب کو پتہ ہے:محسن نقوی
چئیرمین پی سی بی محسن نقوی کی کامیاب کرکٹ ڈپلومیسی کے بعد حکومت نے قومی ٹیم کو بھارت کیخلاف ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کا میچ کھیلنےکی اجازت دے دی۔ اعلامیے کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف کو پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی نے باضابطہ طور پر پی سی بی، آئی سی سی اور بی سی بی کے نمائندوں کے درمیان ہونے والے اعلیٰ سطح کے مذاکرات کے نتائج سے آگاہ کیا۔ حکومت پاکستان نے بنگلا دیش کرکٹ بورڈ کی جانب سے پی سی بی کو ارسال کی گئی باضابطہ درخواستوں اور اس ضمن میں سری لنکا، متحدہ عرب امارات اور دیگر رکن ممالک کی جانب سے موصول ہونے والے پیغامات کا بھی جائزہ لیا۔ ان مراسلات میں پاکستان سے حالیہ درپیش چیلنجز کے حل کے لیے کردار ادا کرنے کی درخواست کی گئی تھی۔
اعلامیے کے مطابق پہر کی شام وزیراعظم کی سری لنکن صدر سے ٹیلی فونک گفتگو ہوئی، خوشگوار اور دوستانہ بات چیت کے دوران دونوں رہنماؤں نے اس امر کو یاد کیا کہ پاکستان اور سری لنکا ہمیشہ خصوصاً مشکل اوقات میں ایک دوسرے کے شانہ بشانہ رہے ہیں۔ سری لنکن صدر نے وزیر اعظم سے موجودہ معاملےکو خوش اسلوبی سے حل کرنے کے لیے سنجیدہ غور و فکر کی درخواست کی۔ دوست ممالک کی درخواستوں کو مدنظر رکھتے ہوئے حکومت پاکستان نے ہدایت کی کہ پاکستان قومی کرکٹ ٹیم 15 فروری 2026 کو آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے اپنے مقررہ میچ میں شرکت کرے۔
حکومت پاکستان کا کہنا ہے یہ فیصلہ کرکٹ کی روح کے تحفظ اور کھیل کے فروغ کےلیے کیا گیا ہے۔ حکومت پاکستان نے وزیراعظم اور قوم کی جانب سے گرین شرٹس کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار بھی کیا ہے۔ اس سے قبل چئیرمین پی سی بی محسن نقوی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوۓ آئی سی سی کی جانب سے پابندی یا جرمانے کی خبروں سے متعلق سوال پر کہا تھا کہ حکومت اور میں کسی دھمکی سے ڈرنے والے نہیں ہمارے فیلڈ مارشل کا بھی سب کو پتہ ہے۔

