حکومت کو بانی کے ٹوئٹ سے تکلیف ہے اپنے بیانات نظر نہیں آرہے: بیرسٹر سیف

مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا بیرسٹر سیف کا کہنا ہے کہ حکومت کو بانی پی ٹی آئی کے ٹوئٹ سے تکلیف ہے مگر اپنے بیانات نظر نہیں آرہے۔

مشیر اطلاعات کے پی بیرسٹر سیف نے کہا کہ وفاقی وزرا پی ٹی آئی کے خلاف پریس کانفرنسز کررہے ہیں، مذاکرات شروع ہونے کے بعد سے مریم نواز پی ٹی آئی کے خلاف روزانہ بیان بازی کررہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی ملک کے وسیع تر مفاد میں مذاکرات کے لیے راضی ہوئی ہے۔بیرسٹر سیف نے کہا کہ وفاقی حکومت کو بھی وسیع تر مفاد مدنظر رکھ کر سنجیدگی کا مظاہرہ کرنا چاہیے، پی ٹی آئی کے مطالبات آئین و جمہوریت کی بالادستی پر مبنی ہیں۔

دوسری جانب اسد قیصر نے کہا کہ مریم نواز، خواجہ آصف کی کوشش ہے ہرممکن طریقے سے مذاکرات ناکام بنائیں، یہ جو باتیں کررہے ہیں اس پر انتہائی افسوس ہے، ہم نے پاکستان کی خاطر ایک قدم آگے بڑھنے کی کوشش کی ہے، کسی خوف میں مبتلا ہیں نہ ہم کسی سے ڈر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم مظلوم پارٹی ہیں، ہمارے ساتھ ظلم ہوا ہے، 26 نومبر کو ہمیں اپنے بنیادی حق سے روکا گیا، 9 مئی کے حوالے سے جو رویہ رکھا گیا اس حوالے سے بھی ہم مظلوم ہیں۔

اسد قیصر نے مزید کہا کہ حکومت نے بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کرانے کا وعدہ کیا تھا، بانی سے ملاقات کے حوالے سے حکومت اب حیلے بہانے کررہی ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں