اسلام آباد(نمائندہ خصوصی)وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف کی زیرِ صدارت وفاقی کابینہ کا اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں ملکی سلامتی، حالیہ دفاعی پیش رفت اور قومی خودمختاری کے تحفظ سے متعلق اہم فیصلے کیے گئے۔
وزیرِ اعظم نے پوری پاکستانی قوم کو معرکۂ حق – آپریشن بنیان مرصوص کی شاندار کامیابی پر مبارکباد دی اور پاک فوج کی جرات مندانہ حکمت عملی، دلیرانہ قیادت، اور دشمن کے ناپاک عزائم کو ناکام بنانے پر زبردست خراج تحسین پیش کیا۔
وفاقی کابینہ نے وزیرِ اعظم کی سفارش پر چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر (نشان امتیاز – ملٹری) کو فیلڈ مارشل کے عہدے پر ترقی دینے کی متفقہ منظوری دی۔ یہ فیصلہ ان کی مثالی قیادت، بے مثال جرات، اور مسلح افواج کی ہم آہنگ جنگی حکمتِ عملی کے باعث کیا گیا جس کے نتیجے میں پاکستان کو تاریخی کامیابی حاصل ہوئی۔
اجلاس میں گفتگو کے دوران کابینہ نے واضح کیا کہ6 اور 7 مئی 2025 کی شب بھارت نے پاکستان پر بلااشتعال اور بلاجواز جنگ مسلط کی۔بھارتی حملوں کا ہدف پاکستان کی سول آبادی، معصوم شہری، خواتین اور بچے تھے۔دشمن نے پاکستان کی خودمختاری اور سرحدی سالمیت کو پامال کرنے کی مذموم کوشش کی۔
جنرل عاصم منیر نے بے مثال عزم و حوصلے کے ساتھ پاک فوج کی قیادت کی اور دشمن کو فیصلہ کن شکست دی۔وزیرِ اعظم نے صدرِ مملکت آصف علی زرداری سے ملاقات کر کے فیلڈ مارشل کے عہدے سے متعلق کابینہ کے فیصلے پر اعتماد میں لیا۔
وفاقی کابینہ نے یہ بھی فیصلہ کیا کہ ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو کی مدتِ ملازمت مکمل ہونے کے باوجود ان کی خدمات کو جاری رکھا جائے گا۔
آپریشن بنیان مرصوص کے دوران خدمات سرانجام دینے والے افواج پاکستان کے افسران و جوان، غازیان، شہداء اور دیگر شعبوں سے تعلق رکھنے والے پاکستانیوں کو اعلیٰ سرکاری اعزازات سے نوازا جائے گا۔یہ فیصلے قومی وحدت، دفاعِ وطن اور آئندہ نسلوں کے مستقبل کو محفوظ بنانے کے عزم کی بھرپور عکاسی کرتے ہیں۔

