خاران: فورسز کی کارروائی میں 12 دہشتگرد ہلاک، علاقے سے پسپائی پر مجبور

خاران، بلوچستان (آئی ایس پی آر)خاران میں سیکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے دہشتگردوں کو پسپا ہونے پر مجبور کر دیا اور کلیئرنس آپریشن کے دوران 12 دہشتگرد ہلاک کر دیے۔آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی حمایت یافتہ 15 سے 20 دہشتگردوں نے علاقے میں دہشتگردی کی کارروائیاں کیں۔ فتنہ الہندوستان کے دہشتگردوں نے سٹی پولیس اسٹیشن اور دو بینکوں کو نشانہ بنایا اور بینکوں سے 34 لاکھ روپے لوٹ لیے۔

سیکیورٹی فورسز نے بروقت جواب دیا اور دہشتگردوں کو پسپا ہونے پر مجبور کر دیا۔ تین مختلف جھڑپوں کے دوران دہشتگردوں کی کوششیں ناکام ہوئیں اور پولیس اسٹیشن میں یرغمالی صورتحال پیدا کرنے کی سازش کو بھی ناکام بنا دیا گیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں مزید دہشتگردوں کی موجودگی ختم کرنے کے لیے سرچ آپریشن جاری ہے اور عزمِ استحکام کے تحت ملک سے بیرونی حمایت یافتہ دہشتگردی کا مکمل خاتمہ کیا جائے گا۔