خضدار میں اسکول بس پر خودکش حملہ – 3 طالبات سمیت 5 افراد شہید، 38 زخمی

خضدار (نمائندہ خصوصی) بلوچستان کے ضلع خضدار میں معصوم طلبا و طالبات کو لے کر جانے والی اسکول بس پر خودکش حملے کے نتیجے میں 3 طالبات سمیت 5 افراد شہید اور 38 بچے شدید زخمی ہو گئے۔ اس المناک واقعے نے پورے ملک کو سوگوار کر دیا ہے۔

واقعہ زیرو پوائنٹ خضدار کے قریب پیش آیا جہاں اسکول بس پر اس وقت حملہ کیا گیا جب وہ بچوں کو تعلیمی ادارے لے جا رہی تھی۔ ڈپٹی کمشنر خضدار کے مطابق یہ ایک خودکش حملہ تھا، جس میں حملہ آور نے خود کو بس کے قریب دھماکے سے اڑا لیا۔

شہید ہونے والی طالبات میں ثانیہ سومرو (چھٹی جماعت)،حفظہ کوثر (ساتویں جماعت)،عیشا سلیم (دسویں جماعت) شامل ہیں.

38 زخمی بچوں کو فوری طور پر قریبی اسپتالوں میں منتقل کیا گیا ہے.متعدد زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔پولیس اور سیکیورٹی فورسز جائے وقوعہ پر پہنچ چکی ہیں اور علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ مزید تفصیلات جلد عوام اور میڈیا کے ساتھ شیئر کی جائیں گی۔

اس دل دہلا دینے والے سانحے پر ملک بھر سے شدید مذمت کی جا رہی ہے، اور شہداء کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت کیا جا رہا ہے۔ انسانی حقوق کی تنظیموں اور تعلیمی حلقوں نے معصوم بچوں کو نشانہ بنانے کے اس ظالمانہ فعل کو انسانیت کے خلاف جرم قرار دیا ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں