ریاض (نمائندہ خصوصی)سعودی عرب کی وزارتِ حج و عمرہ نے خلیجی ممالک میں ورک پرمٹ رکھنے والے غیر ملکیوں کو خوشخبری سناتے ہوئے عمرہ ادا کرنے کی باضابطہ اجازت دے دی ہے۔ وزارت کی جانب سے جاری بیان کے مطابق، ایسے تمام افراد اب الیکٹرانک پلیٹ فارم “نسک ایپ” کے ذریعے عمرہ پرمٹ حاصل کر سکتے ہیں۔
وزارت نے بتایا کہ یہ سہولت خلیجی ممالک کے مقامی شہریوں کے ساتھ ساتھ ورک پرمٹ پر مقیم غیر ملکیوں کو بھی دستیاب ہے، جو کسی بھی وقت نسک ایپ کے ذریعے عمرہ اور مسجدِ نبویؐ میں ریاض الجنہ کیلئےپرمٹ حاصل کر سکتے ہیں۔
“عمرہ سیزن کا آغاز ہو چکا ہے”
سعودی وزارتِ حج و عمرہ نے واضح کیا کہ نیا عمرہ سیزن 10 جون سے شروع ہو چکا ہے، اور یہ سلسلہ یکم شوال 1447 ہجری (مطابق 20 مارچ 2026) تک جاری رہے گا۔یہ اقدام سعودی عرب کے ویژن 2030 کے تحت مذہبی سیاحت کو فروغ دینے اور دنیا بھر سے آنیوالے مسلمانوں کیلئے سہولیات بڑھانے کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے۔

