ریاض( گلف نیوز، عرب نیوز)خلیج تعاون کونسل (جی سی سی) نے ’جی سی سی گرینڈ ٹورز‘ کے نام سے شینجن طرز کا مشترکہ سیاحتی ویزا متعارف کرانے کا فیصلہ کیا ہے، جو 2025 کے آخر میں آزمائشی طور پر اور بعد میں مکمل طور پر نافذ ہوگا۔ یہ ویزا سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، قطر، بحرین، کویت اور عمان کے درمیان آسان سفر کی سہولت فراہم کرے گا اور خاص طور پر غیر ملکی رہائشیوں کیلئےویزا کے عمل کو سادہ اور کم خرچ بنائے گا۔
جی سی سی کے سیکریٹری جنرل جاسم البدوائی نے تصدیق کی کہ ویزا حتمی منظوری کے آخری مراحل میں ہے اور جلد ڈیجیٹل پلیٹ فارم کے ذریعے درخواستیں دی جا سکیں گی۔ متحدہ عرب امارات کے وزیر معیشت عبداللہ بن طوق المری نے کہا کہ صرف شہری نہیں بلکہ رہائشی بھی اس ویزے کے ذریعے زیادہ سہولت سے سفر کر سکیں گے۔
اس ویزے کے تحت 30 سے 90 دن کے سفر کے آپشنز دیے جائیں گے، اور ایک ملک یا تمام چھ ممالک کا سفر ممکن ہوگا۔ یہ اقدامات جی سی سی ممالک میں سیاحت کو فروغ دیں گے، علاقائی معیشتوں کو مضبوط کریں گے، اور خطے کے ثقافتی و اقتصادی روابط بڑھائیں گے۔
یو اے ای اور دیگر ممالک کے غیر شہری رہائشیوں کے لیے موجودہ ویزا عمل پیچیدہ اور مہنگا تھا، لیکن مشترکہ ویزا اس عمل کو آسان اور معیاری بنائے گا۔ سعودی عرب میں مذہبی سیاحت کے علاوہ تاریخی اور ثقافتی مقامات کی سیاحت بھی آسان ہوگی۔
ماہرین کے مطابق، اس ویزا سسٹم سے زائرین طویل قیام اور دیگر ممالک کا سفر کر سکیں گے، اور بڑے ایئرپورٹس جیسے ریاض اور جدہ بین الاقوامی ٹرانزٹ ہب کے طور پر ابھر سکتے ہیں۔ سعودی عرب کثیر ملکی سیاحتی پیکجز بھی متعارف کرا سکتا ہے، جیسے جدہ سے العُلا اور پھر دبئی یا مسقط۔

