خواتین کو شوہروں کے ناموں سے پہچانا جاتا ہے، ان کی اپنی کوئی شناخت نہیں ہے: جیا بچن

اپنے سخت مزاج کے لیے پہچانی جانی جانے والی بالی ووڈ کی معروف سینئر اداکارہ جیا بچن راجیہ سبھا (اعوانِ بالا) کے چیئرمین پر برس پڑیں۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہو رہی ہے جس میں جیا بچن پارلیمنٹ کے چیئرمین پر اس بات پر ناراض ہو رہی ہیں کہ انہوں نے جیا بچن کو صرف ’جیا بچن‘ کہہ کر مخاطب کرنے کی بجائے ’شری متی جیا امیتابھ بچن‘ کہہ کر مخاطب کیوں کیا ہے؟

وائرل ویڈیو سے اندازہ ہوتا ہے کہ جیا بچن کو پارلیمنٹ کے چیئرمین کا یہ انداز سخت ناگوار گزرا ہے، جس پر اداکارہ نے انہیں ٹوکتے ہوئے کہا کہ سر، اگر آپ مجھے صرف ’جیا بچن‘ کہتے تو یہ کافی ہوتا۔

جیا بچن کے ٹوکنے پر چیئرمین نے وضاحت پیش کی کہ یہاں پورا نام یہی لکھا ہوا ہے، اس لیے میں نے وہی دہرا دیا۔

راجیہ سبھا کے چیئرمین کی وضاحت سے غیر مطمئن، جیا بچن نے جواب میں کہا کہ یہ ایک نئی روایت شروع ہوگئی ہے جس میں خواتین کو ان کے شوہروں کے ناموں سے پہچانا جاتا ہے، ان کی اپنی کوئی شناخت نہیں ہے۔

چیئرمین نے معذرت کے انداز میں اپنی وضاحت دہرائی کہ ایسا صرف اس لیے ہے کہ آپ کا نام یہاں اس طرح لکھا گیا تھا۔

تاہم، جیا بچن نے طنزیہ انداز میں کہا کہ نہیں جناب، ان کی کوئی شناخت نہیں ہے، کیا واقعی ان کی کوئی شناخت ہے؟

سوشل میڈیا پر ویڈیو وائرل ہوئی تو صارفین نے جیا بچن کی بات سے اتفاق کیا اور کہا کہ یہ سچ ہے کہ خواتین کی اپنی شناخت ہونی چاہیے۔

اپنا تبصرہ لکھیں