کرائسٹ چرچ(سپورٹس ڈیسک)پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان کھیلے گئے پہلے ٹی20 انٹرنیشنل کے درمیان قومی کھلاڑی خوشدل شاہ کو کیوی کھلاڑی سے الجھنے پر میچ فیس کا 50 فیصد جرمانہ عائد کردیا گیا۔
کھیلوں کی ویب سائٹ ’کرک انفو‘ کے مطابق نیوزی لینڈ کے خلاف پہلے ٹی 20 کے دوران کیوی کھلاڑی سے الجھنے پر آئی سی سی نے خوشدل شاہ پر میچ فیس کا 50فیصدجرمانہ عائد کردیا۔
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی جانب سے خوشدل شاہ کو 3 ڈی میرٹ پوائنٹس بھی دیے گئے ہیں، 24 ماہ کے دوران خوشدل شاہ کی جانب سے یہ پہلی خلاف ورزی تھی۔
یاد رہے کہ پاکستان کی اننگز کے آٹھویں اوور کے دوران خوشدل نے فولکس کی تیسری گیند کو مڈ آن کے قریب مارا، اس دوران وہ باؤلر سے الجھے جس پر امپائر نے انہیں وارننگ دی۔
خوشدل شاہ آئی سی سی لیول ٹو کوڈ آف کنڈکٹ کی خلاف ورزی کے مرتکب قرار پائے گئے جب کہ خوشدل شاہ نے اپنی غلطی تسلیم کرلی۔

