پشاور/مہمند (نمائندہ خصوصی +نامہ نگار) — خیبرپختونخوا حکومت کا سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیوں میں مصروف ہیلی کاپٹر مہمند کے علاقے پنڈیالی سوکئی پہاڑی پر حادثے کا شکار ہوگیا، جس کے نتیجے میں 5 افراد شہید ہوگئے۔
ذرائع کے مطابق صوبائی حکومت کا ایم آئی 17 ہیلی کاپٹر سیلاب متاثرین کے ریسکیو آپریشن میں شریک تھا اور باجوڑ کے بارش متاثرہ علاقوں کیلئے امدادی سامان لے جا رہا تھا کہ خراب موسم کے باعث کریش ہوگیا۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے بتایا کہ شہداء میں 2 پائلٹ اور عملے کے 3 ارکان شامل ہیں۔ وزیراعلیٰ نے واقعے پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا اور شہداء کے اہل خانہ سے تعزیت کی۔
واضح رہے کہ وزیراعلیٰ نے حالیہ بادل پھٹنے اور سیلابی صورتحال کے بعد ریسکیو اور ریلیف آپریشن کیلئے ہیلی کاپٹر فراہم کرنے کی ہدایت کی تھی۔ انہوں نے کمشنر ملاکنڈ اور ڈپٹی کمشنر باجوڑ کو ریسکیو کارروائیوں کی خود نگرانی کرنے جبکہ تمام ضلعی انتظامیہ، خصوصاً دیر اور سوات کے حکام کو ہنگامی حالت میں الرٹ رہنے کا حکم دیا تھا۔

