پشاور (نامہ نگار) – خیبرپختونخوا کے ضلع دیر بالا میں پولیس اور کاؤنٹر ٹیررازم ڈپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) نے فتنہ الخوارج کے خلاف کامیاب آپریشن کرتے ہوئے 5 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔
یہ ٹارگٹڈ آپریشن دو بندو سلام کوٹ کے علاقے میں خفیہ اطلاع پر کیا گیا، جہاں موجود دہشت گرد حالیہ دنوں میں پولیس پر حملوں میں ملوث تھے۔ آپریشن کے دوران شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس میں 5 دہشت گرد مارے گئے۔ ہلاک ہونے والوں میں 4 کی لاشیں فوری طور پر برآمد ہوئیں جبکہ ایک لاش علی الصبح ملی۔
فائرنگ کے تبادلے میں ایک شہری جاں بحق اور 8 پولیس اہلکار زخمی ہوئے، تاہم ان کی حالت خطرے سے باہر ہے۔علاقے کے مکینوں نے آپریشن میں پولیس کا بھرپور ساتھ دیا اور فورسز کی پیشہ ورانہ کارکردگی کو سراہا۔ جاں بحق شہری کی نماز جنازہ پولیس لائنز میں ادا کی گئی۔
انسپکٹر جنرل پولیس خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید نے آپریشن میں حصہ لینے والے افسران اور اہلکاروں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا”پولیس کے بہادر جوان پاک سرزمین کے تحفظ کے لیے ہر دم چوکس ہیں۔ دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک ہمارے جوان اپنے فرائض بہادری اور عزم کے ساتھ انجام دیتے رہیں گے۔”
انہوں نے مزید کہا کہ فورسز کے جوانوں کی دلیری اور قربانیاں دہشت گردوں کے ناپاک عزائم کو ہمیشہ ناکام بناتی رہیں گی اور پوری قوم کو اپنے سرفروش سپاہیوں پر فخر ہے۔

