خیبرپختونخوا: سیکیورٹی فورسز کی کارروائیوں میں فتنۃ الخوارج کے 23 دہشتگرد ہلاک

راولپنڈی (آئی ایس پی آر) خیبرپختونخوا میں سیکیورٹی فورسز نے دو الگ الگ انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کے دوران بھارت کی پراکسی فتنۃ الخوارج سے تعلق رکھنے والے 23 دہشتگردوں کو ہلاک کردیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق 16 اور 17 نومبر کو باجوڑ میں خفیہ اطلاع پر کیے گئے آپریشن میں خوارج کے ٹھکانے کو نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں 11 خارجی دہشتگرد بشمول ان کا سرغنہ سجاد عرف ابوذر مارا گیا۔

آئی ایس پی آر نے مزید بتایا کہ بنوں ضلع میں کیے گئے ایک اور انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن میں 12 مزید خارجی دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا گیا، جبکہ علاقے میں بھارتی سرپرستی یافتہ دیگر عناصر کی تلاش کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے ’عزمِ استحکام‘ کے وژن کے تحت غیر ملکی سرپرستی یافتہ دہشتگردی کے خاتمے کے لیے بھرپور اقدامات جاری رکھیں گے۔

دریں اثنا، بنوں میں فتنۃ الخوارج سے تعلق رکھنے والا ایک دہشتگرد بارودی مواد نصب کرتے ہوئے ہلاک ہوگیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق یہ واقعہ خوارج کی بڑھتی ہوئی مایوسی کی علامت ہے، جو مسلسل دباؤ کے باعث اب آسان اہداف کے خلاف بزدلانہ کارروائیوں کی کوشش کر رہے ہیں۔ ترجمان کے مطابق علاقے میں کلیئرنس آپریشن بدستور جاری ہے۔