خیبرپختونخوا میں سیلابی صورتحال کے بعد ملک بھر میں 911 ہیلپ لائن فعال

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) — خیبرپختونخوا میں حالیہ بارشوں اور سیلاب سے پیدا ہونے والی ہنگامی صورتحال کے پیش نظر وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونی کیشن نے ملک بھر میں 911 ہیلپ لائن فعال کردی۔

وزارت آئی ٹی کے ترجمان کے مطابق یہ اقدام متاثرہ شہریوں کو بروقت مدد فراہم کرنے کیلئے اٹھایا گیا ہے۔ 911 سروس اس صورت میں بھی کام کرے گی جب کسی علاقے میں صارف کے اپنے موبائل نیٹ ورک کے ٹاورز متاثر یا غیر فعال ہوں۔

ترجمان نے بتایا کہ یہ سسٹم خودکار طریقے سے قریبی علاقے میں کسی بھی کمپنی کے فعال ٹاور سے منسلک ہو جائے گا، اور متاثرہ شہری 911 پر رابطہ کر کے ایمرجنسی امداد حاصل کر سکیں گے۔

ترجمان وزارت آئی ٹی و ٹیلی کمیونی کیشن نے واضح کیا کہ شہری کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری رابطے کے لیے 911 ڈائل کریں، تاکہ بروقت ریسکیو، طبی یا دیگر ایمرجنسی مدد فراہم کی جا سکے۔

اپنا تبصرہ لکھیں