خیبرپختونخوا میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں، 13 خوارج ہلاک

پشاور (آئی ایس پی آر): سیکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں کارروائیاں کر کے 13 خوارج ہلاک کر دیے ہیں۔

انٹر سروسز پبلک ریلیشن (آئی ایس پی آر) کے اعلامیے کے مطابق ہلاک ہونے والے خوارج بھارتی پراکسی فتنہ الخوارج سے تعلق رکھتے تھے۔ کارروائیاں 12 اور 13 دسمبر کو کی گئیں، جن میں مہمند میں 7 اور بنوں میں 6 خوارج ہلاک ہوئے۔

اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ سیکیورٹی فورسز نے دونوں اضلاع میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کے ذریعے خوارج کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا۔ علاقے میں دیگر خوارج دہشت گردوں کی موجودگی کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشنز بھی جاری ہیں۔

آئی ایس پی آر نے کہا ہے کہ عزمِ استحکام کے تحت انسدادِ دہشت گردی مہم جاری رہے گی اور ملک سے غیر ملکی سرپرستی اور حمایت یافتہ دہشت گردی کے ناسور کا مکمل خاتمہ کیا جائے گا۔