پشاور (نامہ نگار) خیبرپختونخوا حکومت نے موسمیاتی تبدیلی کے بڑھتے خطرات سے نمٹنے کیلئےخود مختار کلائمٹ ایکشن بورڈ قائم کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔
ترجمان کے مطابق کلائمٹ ایکشن بورڈ 8 انتظامی سیکریٹریوں اور 4 نجی شعبے کے نمائندوں پر مشتمل ہوگا، جو نئی موسمیاتی پالیسی مرتب کرنے کے ساتھ ساتھ تحقیق اور عالمی اداروں سے روابط بھی قائم کرے گا۔بورڈ کے مینڈیٹ میں کاربن کریڈٹ کے حصول کے اقدامات، مختلف محکموں کے ساتھ روابط، اور ہر چار ماہ بعد اجلاس منعقد کرنا شامل ہوگا۔
ترجمان نے مزید بتایا کہ کلائمٹ ایکشن بورڈ جنگلات کی کٹائی روکنے، گلیشیئرز کے پگھلاؤ کو کم کرنے اور ماحولیاتی نظام کو بہتر بنانے کیلئےعملی اقدامات تجویز کرے گا۔حکومت نے بورڈ کے مالیاتی امور اور پالیسی پر عمل درآمد کیلئے ’’کلائمٹ ایکشن بورڈ فنڈ‘‘ قائم کرنے کا بھی اعلان کیا ہے۔

