خیبرپختونخوا: ٹانک میں پولیس کی بکتر بند گاڑی پر بم دھماکا، 6 اہلکار شہید

ٹانک، ذرائع (نمائندہ خصوصی،اے پی پی)خیبر پختونخوا کے ضلع ٹانک میں پولیس کی بکتر بند گاڑی پر بم دھماکے کے نتیجے میں 6 پولیس اہلکار شہید ہو گئے۔ پولیس کے مطابق بکتر بند گاڑی گومل پولیس اسٹیشن سے ٹانک کی جانب جا رہی تھی کہ راستے میں ریموٹ کنٹرول بم کے ذریعے اسے نشانہ بنایا گیا، دھماکا اتنا شدید تھا کہ گاڑی مکمل طور پر تباہ ہو گئی۔

پولیس ترجمان کے مطابق شہید ہونے والوں میں ایڈیشنل اسٹیشن ہاؤس آفیسر اسحاق خان، اسسٹنٹ سب انسپکٹر شیر اسلم، ڈرائیور عبدالمجید، ایلیٹ فورس کے اہلکار ارشد علی، حضرت علی اور احسان اللہ شامل ہیں۔

ریسکیو 1122 نے فوری طور پر موقع پر پہنچ کر شہداء کی لاشیں ٹانک ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر اسپتال منتقل کیں۔ واقعے کے بعد پولیس اور سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر بڑے پیمانے پر سرچ آپریشن شروع کر دیا، جبکہ مزید کارروائیوں کے لیے اضافی نفری بھی طلب کر لی گئی۔

گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے واقعے پر پولیس کے اعلیٰ حکام سے فوری رپورٹ طلب کرتے ہوئے شہداء کے اہل خانہ سے تعزیت کی اور کہا کہ پولیس کے بہادر جوانوں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔

صدر مملکت آصف علی زرداری نے حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے شہداء کے درجات کی بلندی اور لواحقین کے لیے صبر جمیل کی دعا کی۔ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بھی واقعے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پولیس کے جوانوں نے قوم کے پُرامن کل کے لیے آج اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔