خیبر پختونخوا کے ضلع جنوبی وزیرستان کی تحصیل وانا میں مبینہ کواڈ کاپٹر حملہ، 7 بچوں سمیت 22 افراد زخمی

وانا(نامہ نگار) خیبر پختونخوا کے ضلع جنوبی وزیرستان کی تحصیل وانا میں رات تقریباً 8 بجے مبینہ کواڈ کاپٹر (ڈرون) حملے میں 7 بچوں سمیت 22 افراد زخمی ہو گئے ہیں۔ زخمیوں کی عمریں 13 سے 60 سال کے درمیان ہیں، جن میں 13 سالہ ایک بچہ اور ایک شخص کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے۔

ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال (ڈی ایچ کیو) وانا کی رپورٹ کے مطابق زخمیوں میں 7 بچے شامل ہیں، جن کی عمریں 15، 18 اور 19 سال ہیں، جب کہ دیگر 13 افراد معمولی زخمی ہیں جن میں سے دو کو طبی امداد کے بعد فارغ بھی کر دیا گیا ہے۔

پی ٹی آئی سے وابستہ رکن قومی اسمبلی زبیر خان وزیر نے ہسپتال کے اعداد و شمار کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ نوجوان والی بال کھیل رہے تھے جب کواڈ کاپٹر نے ان پر گولے برسائے۔ انہوں نے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اس حملے نے علاقے کے لوگوں میں خوف و ہراس پھیلا دیا ہے اور وہ اپنے گھروں تک محدود ہو گئے ہیں۔

زبیر خان وزیر نے فیس بک پر پوسٹ کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ وفاقی حکومت اور متعلقہ ادارے فوری طور پر واقعے کی تحقیقات کریں اور متاثرہ خاندانوں کو انصاف فراہم کریں۔ ساتھ ہی انہوں نے ایسے حملوں کی روک تھام کیلئے فوری اور مؤثر اقدامات کا بھی مطالبہ کیا۔

واضح رہے کہ 19 مئی کو شمالی وزیرستان کے علاقے میر علی میں بھی ایک مبینہ ڈرون حملے میں ایک ہی خاندان کے 4 بچے جاں بحق اور 5 افراد زخمی ہوئے تھے، جس پر مقامی افراد نے احتجاج اور دھرنا دیا تھا۔ تاہم آج شمالی وزیرستان میں احتجاج کرنے والے مقامی افراد نے انتظامیہ کے ساتھ معاہدہ کرنے کے بعد دھرنا ختم کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں