کراچی: ملک بھر میں جہاں فلار ملز کی ہڑتال سے آٹے کے بحران کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے، وہاں ہولسیل مارکیٹ میں دالوں کی قیمتوں میں بھی ہوش رُبا اضافہ کر دیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ہول سیل بازار میں دالوں کی قیمتوں میں اضافے کا سلسلہ جاری ہے، گزشتہ دو ہفتوں کے درمیان دالوں کی قیمتوں کو پر لگ گئے، بجٹ میں ٹیکسز کے بعد ہول سیل بازار میں امپورٹرز نے دال کی قیمتوں میں زبردست اضافہ کر دیا ہے۔
دال چنا درجہ اوّل کے ریٹ میں دو ہفتوں میں 89 روپے، جب کہ درجہ دوئم میں 94 روپے کا ریکارڈ اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد دال چنا درجہ اوّل 231 سے بڑھ کر 320 روپے، جب کہ درجہ دوئم 215 سے بڑھ کر 310 روپے ہو گئی۔
چیئرمین ہول سیل گروسرز عبدالرؤف ابراہیم کے مطابق کابلی چنا درجہ اوّل کی قیمت میں 48 روپے کا اضافہ کیا گیا، جس کی قیمت 362 سے بڑھ کر 410 روپے ہو گئی ہے، کابلی چنا درجہ دوئم 27 روپے اضافے سے 325 روپے سے بڑھ کر 352 روپے ہو گئی ہے۔
دال مونگ درجہ اوّل کی قیمت 50 روپے اضافے سے 320 روپے کلو ہو گئی، دال مونگ درجہ دوئم کی قیمت میں 40 روپے کا اضافہ ہوا، اور قیمت 260 روپے سے بڑھ کر 300 روپے ہو گئی۔ دال ماش درجہ اوّل کی قیمت 10 روپے اضافے سے 520 روپے کلو ہو گئی ہے۔
بیسن کی قیمت میں 75 روپے کا بڑا اضافہ کیا گیا ہے، فی کلو 230 سے بڑھ کر 305 روپے ہو گئی ہے۔