دبئی:سری لنکن آل راؤنڈر دنتھ ویلالاگے کے والد انتقال کرگئے

دبئی(سپورٹس ڈیسک+ کرک انفو)سری لنکن آل راؤنڈر دنتھ ویلالاگے کے والد سورنگا ویلالاگے جمعرات کو افغانستان کیخلاف میچ کے دوران انتقال کر گئے۔ کھلاڑی کو والد کے انتقال کی خبر میچ ختم ہونے کے بعد دی گئی، جس کے بعد وہ وطن واپس روانہ ہوگئے۔

کرک انفو کی رپورٹ کے مطابق دبئی کرکٹ اسٹیڈیم میں سری لنکا اور افغانستان کے درمیان کھیلے گئے میچ کے دوران دنتھ ویلالاگے کے والد سورنگا ویلالاگے انتقال کرگئے۔ سری لنکن آل راؤنڈر کو والد کے انتقال کی اطلاع میچ کے اختتام پر دی گئی۔

سوشل میڈیا پر وائرل تصاویر میں سری لنکن ٹیم کے ہیڈ کوچ سنتھ جیسوریا کو ویلالاگے سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے دیکھا گیا۔ کھلاڑی میچ کے فوراً بعد اپنے وطن روانہ ہوگئے تاکہ والد کے جنازے میں شریک ہو سکیں۔

جمعرات کو کھیلے گئے میچ میں افغانستان کے آل راؤنڈر محمد نبی نے آخری اوور میں ویلالاگے کو 5 چھکے مارے۔ سوشل میڈیا پر گردش کرتی ایک ویڈیو میں دیکھا گیا کہ میچ کے بعد ہوٹل روانگی کے دوران جب محمد نبی کو ویلالاگے کے والد کے انتقال کی خبر ملی تو وہ سکتے میں آ گئے۔

اس واقعے کے بعد سوال پیدا ہوگیا ہے کہ آیا ویلالاگے ایشیا کپ کے بقیہ میچز کھیل سکیں گے یا نہیں۔ سری لنکا کو سپر فور مرحلے میں کم از کم مزید تین میچز کھیلنے ہیں، جن میں 20 ستمبر کو بنگلادیش، 23 ستمبر کو پاکستان اور 26 ستمبر کو بھارت کے خلاف مقابلے شامل ہیں۔

دنتھ ویلالاگے نے افغانستان کے خلاف میچ میں اپنی پہلی ایشیا کپ ٹی ٹوئنٹی شرکت کی۔ وہ اب تک 31 ون ڈے انٹرنیشنلز کھیل چکے ہیں۔ اگست 2024 میں بھارت کے خلاف کولمبو میں تیسری ون ڈے میں 27 رنز کے عوض 5 وکٹیں ان کے کیریئر کی بہترین کارکردگی رہی۔ اس سے قبل 2023 کے ون ڈے فارمیٹ ایشیا کپ میں بھارت کیخلاف 40 رنز دے کر 5 وکٹیں حاصل کی تھیں اور ٹورنامنٹ میں 10 وکٹوں کے ساتھ دوسرے نمایاں باؤلر رہے تھے۔

سری لنکن کرکٹ بورڈ نے اپنے بیان میں دنتھ ویلالاگے اور ان کے اہلِ خانہ سے تعزیت کی اور کہا کہ ٹیم کی مکمل ہمدردیاں ان کے ساتھ ہیں۔ ایشیا کپ میں ان کی آئندہ شرکت کا فیصلہ فیملی معاملات طے ہونے کے بعد کیا جائے گا۔

اپنا تبصرہ لکھیں