دبئی ایئرپورٹ پر گلوبل ویلج کے 30 سال مکمل ہونے پر خصوصی انٹری اسٹیمپ کا اجرا

دبئی(عمران یوسفزئی سے )متحدہ عرب امارات نے گلوبل ویلج کے 30 سال مکمل ہونے کے موقع پر دبئی ایئرپورٹ پر داخل ہونے والے مسافروں کے لیے خصوصی “گلوبل ویلج انٹری اسٹیمپ” متعارف کروا دی۔ یہ اقدام دبئی کے مشہور ثقافتی و تفریحی مقام گلوبل ویلج کی 30 ویں سالگرہ کے موقع پر اٹھایا گیا ہے۔

اماراتی حکام کے مطابق، دبئی سے جاری کردہ تمام ویزوں پر گلوبل ویلج سیزن 30 کا خصوصی لوگو بھی شامل کیا جا رہا ہے، جبکہ دبئی پہنچنے والے مسافروں کے پاسپورٹ پر اسی لوگو والا داخلے کا اسٹیمپ لگایا جائے گا۔

افتتاحی تقریب میں دبئی امیگریشن کے سربراہ لیفٹیننٹ جنرل محمد احمد المری نے شرکت کی، جنہوں نے اس اقدام کو دبئی کے ثقافتی تنوع اور بین الاقوامی رابطوں کو فروغ دینے کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا۔

اسٹیمپ رکھنے والے افراد کو اب گلوبل ویلج میں مفت داخلے کی سہولت بھی حاصل ہو گی۔یہ اقدام سرکاری و نجی اداروں کے درمیان باہمی تعاون، ثقافتی انضمام اور دبئی کے ترقی پسند وژن 2033 کے اہداف کے مطابق سیاحتی تجربات کو بہتر بنانے کی کوششوں کا حصہ ہے۔

دبئی گلوبل ویلج ہر سال دنیا بھر سے لاکھوں سیاحوں کو متوجہ کرتا ہے، جہاں مختلف ممالک کے ثقافتی پویلین، آرٹ پرفارمنس اور تفریحی سرگرمیاں ایک ہی مقام پر متنوع عالمی ثقافتوں کا حسین امتزاج پیش کرتی ہیں۔

اپنا تبصرہ لکھیں