دبئی(عمران یوسفزئی )متحدہ عرب امارات کی ریاست دبئی میں دنیا کے سب سے بلند میٹرو اسٹیشن کا سنگ بنیاد رکھ دیا گیا ہے۔ دبئی بلند ترین عمارتوں کیلئےمشہور تھا ہی لیکن اب دنیا کا بلند ترین میٹرو اسٹیشن بنانے کا اعزاز بھی دبئی کو حاصل ہو گا منصوبے کا سنگ بنیاد رکھ دیا گیا .دبئی کے حکام کا کہنا ہے کہ یہ اسٹیشن زمین سے 74 میٹر بلند ہوگا ۔

متحدہ عرب امارات کے نائب صدر، وزیر اعظم اور دبئی کے حکمران شیخ محمد بن راشد آل مکتوم نے دنیا کے سب سے بلند ترین میٹرو اسٹیشن کے سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب میں شرکت کی۔
یہ میٹرو اسٹیشن دبئی میٹرو کے تیسرے ٹریک بلیو لائن کا حصہ ہوگا جبکہ بلیو لائن ٹریک کا آغاز دبئی میٹرو کی 20 ویں سالگرہ کے موقع پر 9 ستمبر 2029 کو کیا جائے گا۔بلیو لائن ٹریک 30 کلومیٹر طویل ہوگا، جو دبئی میٹرو کے نیٹ ورک کو 131 کلومیٹر اور 78 اسٹیشنز تک وسعت دے گا۔

بلیو لائن دبئی کے 9 اہم علاقوں کو جوڑے گی۔ بلیو لائن دراصل دبئی میٹرو کے ریڈ لائن کے سینٹرپوائنٹ اسٹیشن اور گرین لائن کے کریک اسٹیشن سے منسلک ہوگی۔بلیو لائن کے اہم انٹرچینج اسٹیشنز میں الجداف، الراشدیہ اورانٹرنیشنل سٹی ون شامل ہونگے.
بلیو لائن کے دیگر اسٹیشنز میں مردف، الورقاء،انٹرنیشنل سٹی ٹو اور تھری،دبئی سیلیکون اویسس،دبئی انٹرنیشنل ، اکیڈمک سٹی، دبئی فیسٹیول سٹی، دبئی کریک ہاربراور راس الخور انڈسٹریل ایریا شامل ہیں.دبئی کریک کو عبور کرنے کیلئے بلیو لائن کا 1.3 کلومیٹر طویل پل ( ٹریک ) بھی تعمیر کیا جائیگا جو دبئی کریک کے اوپر بنایا جانے والا پہلا میٹرو ٹریک ہوگا۔
دبئی کے بلیو لائن میگا پراجیکٹ کی مجموعی لاگت 56 ارب درہم یعنی 43 کھرب روپے سے زائد ہوگی۔دبئی میٹرو پہلے ہی ریڈ اور گرین لائن کے ذریعے لاکھوں مسافروں کو سہولت فراہم کر رہی ہے جبکہ حکام نے عزم کیا ہے کہ بلیو لائن کے اسٹیشن مزید جدید ہوں گے۔

