دبئی میں المناک ٹریفک حادثہ، چار بھائی اور گھریلو ملازمہ جاں بحق

دبئی/ابوظبی( خلیج اردو، گلف نیوز)متحدہ عرب امارات میں ابوظبی۔دبئی ہائی وے پر الشہامہ کے قریب پیش آنے والے دلخراش ٹریفک حادثے میں بھارتی ریاست کیرالہ سے تعلق رکھنے والے ایک مسلم خاندان کے چار کمسن بیٹے اور گھریلو ملازمہ جاں بحق ہوگئے۔

ذرائع کے مطابق متاثرہ خاندان لیوا فیسٹیول سے دبئی واپس آ رہا تھا کہ ان کی گاڑی حادثے کا شکار ہوگئی۔ حادثے میں 14 سالہ اشاز، 12 سالہ عمار، 7 سالہ عزام اور 5 سالہ عیاش زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہوگئے، جبکہ خاندان کی 49 سالہ گھریلو ملازمہ بشریٰ فیاض بھی حادثے میں جان سے ہاتھ دھو بیٹھیں۔

حادثے میں بچوں کے والد عبد اللطیف اور والدہ رخسانہ شدید زخمی ہوئے، جنہیں اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ان کا علاج جاری ہے۔ خاندان کی 10 سالہ بیٹی ازاء بھی زخمی حالت میں اسپتال میں زیرِ علاج ہے۔

ذرائع کے مطابق چاروں بھائی دبئی کے مختلف اسکولوں میں زیرِ تعلیم تھے۔ جاں بحق بچوں کی تدفین دبئی کے القصائس قبرستان میں اجتماعی طور پر کی گئی، جس میں بڑی تعداد میں رشتہ داروں، دوستوں اور کمیونٹی کے افراد نے شرکت کی۔ گھریلو ملازمہ بشریٰ فیاض کی میت کیرالہ بھارت منتقل کردی گئی ہے۔حکام نے حادثے کی وجوہات جاننے کیلئےتحقیقات شروع کر دی ہیں اور واقعے کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔