دبئی میں سڑک پر کرتب دکھانے والے کی گاڑی ضبط، 10 ہزار درہم جرمانہ

دبئی (دبئی پولیس)دبئی میں سڑک پر خطرناک کرتب دکھانے والے ایک اور ڈرائیور کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے پولیس نے گاڑی ضبط کر لی جبکہ ڈرائیور پر 10 ہزار درہم جرمانہ عائد کر دیا گیا۔

دبئی پولیس کے مطابق مذکورہ گاڑی ضرورت سے زیادہ شور پیدا کر رہی تھی اور سڑک پر کرتب دکھانا نہ صرف شہریوں کیلئے پریشانی کا باعث بنتا ہے بلکہ یہ جان لیوا بھی ثابت ہو سکتا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ایسے اقدامات ٹریفک قوانین کی سنگین خلاف ورزی کے زمرے میں آتے ہیں۔

دبئی پولیس نے مزید خبردار کیا ہے کہ سڑکوں پر کرتب دکھانے کی ویڈیوز یا متنازع مواد سوشل میڈیا پر شیئر کرنے پر بھی قانونی کارروائی عمل میں لائی جا سکتی ہے، جبکہ عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ ٹریفک قوانین کی پابندی کو یقینی بنایا جائے۔