دبئی میں نئی عمارتوں کیلئے حفاظتی قانون کی منظوری دیدی گئی

دبئی (نمائندہ خصوصی) دبئی میں نئی عمارتوں کے حفاظتی قانون کی منظوری دے دی گئی ہے، جس کے تحت حفاظتی ضوابط کی خلاف ورزی پر بھاری جرمانے عائد کیے جائیں گے۔

حکام کے مطابق عمارتوں کے حفاظتی قانون کے تحت عمارتوں میں باقاعدہ حفاظتی معائنہ اور معیار کا تصدیقی سرٹیفکیٹ حاصل کرنا لازمی قرار دیا گیا ہے۔ خلاف ورزی کرنے والے افراد یا کمپنیوں کو ایک لاکھ سے دس لاکھ درہم تک جرمانہ کیا جائیگاجبکہ دوبارہ خلاف ورزی کی صورت میں جرمانہ بڑھا کر بیس لاکھ درہم تک کیا جا سکتا ہے۔

یہ قانون دبئی کے حکمران شیخ محمد بن راشد المکتوم کی جانب سے جاری کیا گیا ہے۔ حکام کے مطابق اس قانون کا مقصد رہائشیوں کی حفاظت کو یقینی بنانا اور حادثات میں کمی لانا ہے۔

قانون کے تحت بلدیہ دبئی عمارتوں کے معائنے اور حفاظتی ریکارڈ کی نگرانی کریگی۔ حکام کا کہنا ہے کہ نیا قانون پرانی عمارتوں اور آزاد اقتصادی زونز جیسے دبئی انٹرنیشنل فنانشل سینٹر پر بھی لاگو ہوگا۔مزید کہا گیا ہے کہ عمارتوں کے مالکان کو لائسنس یافتہ انجینئرنگ کمپنی سے تکنیکی رپورٹ حاصل کرنا اور ضروری مرمت کرانا لازمی ہوگا۔