دفعہ 144 نافذ: پی ٹی آئی احتجاج کے تناظر میں سیاسی اجتماعات اور ریلیوں پر پابندی

راولپنڈی، اسلام آباد(نمائندگان+ایجنسیاں)پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے مجوزہ احتجاج کے پیش نظر راولپنڈی کی ضلعی انتظامیہ نے 4 اگست سے 10 اگست تک دفعہ 144 نافذ کر دی ہے، جس کے تحت سیاسی جلسوں، ریلیوں اور جلوسوں پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے۔

ڈپٹی کمشنر راولپنڈی کے مطابق ضلع بھر میں دفعہ 144 نافذ العمل ہے۔ہر قسم کے سیاسی اجتماعات اور جلوسوں پر مکمل پابندی ہو گی۔خلاف ورزی کی صورت میں قانونی کارروائی کی جائے گی۔اسلام آباد میں پہلے ہی دفعہ 144 نافذ ہے۔ڈی سی اسلام آباد نے خبردار کیا ہے کہ کسی غیر قانونی سرگرمی کا حصہ بننے پر فوری گرفتاری ہو گی۔عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ قانون شکنی سے گریز کریں۔

سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل نے پی ٹی آئی احتجاج کے دوران اضافی سیکیورٹی کی درخواست کی تھی۔اس پر سی پی او راولپنڈی نے جیل کے اطراف سخت حفاظتی اقدامات کے احکامات جاری کر دیے۔5 اگست کو عمران خان کی گرفتاری کو 2 سال مکمل ہو رہے ہیں۔پی ٹی آئی نے ملک بھر میں احتجاج کا اعلان کر رکھا ہے۔

جنید اکبر (صدر پی ٹی آئی خیبرپختونخوا) کا کہنا ہے”یہ نیا مرحلہ ہے، احتجاج پرامن ہو گا، دنیا کو دکھانا ہے کہ ہم آج بھی عمران خان کے ساتھ ہیں۔”میڈیارپورٹس کے مطابق پی ٹی آئی کی ملک گیر سطح پر واضح احتجاجی حکمت عملی سامنے نہیں آ سکی۔پنجاب میں ہر حلقے میں احتجاج کی تجویز دی گئی ہے۔

عالیہ حمزہ ریلیوں کے حق میں ہیں جبکہ بعض رہنما پراسرار انداز میں احتجاج کرنے کے حامی ہیں تاکہ گرفتاریوں سے بچا جا سکے۔عوام کو ہدایت کی گئی ہے کہ دفعہ 144 کے تحت قوانین کا احترام کریں، ورنہ قانونی کارروائی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں