دلجیت دوسانجھ پر ’بیک گراؤنڈ ڈانسرز‘ کو معاوضہ نہ دینے کے الزام کی حقیقت سامنے آ گئی

بھارتی اداکار و گلوکار دلجیت سنگھ دوسانجھ پر الزام عائد کیا گیا ہے کہ انہوں نے کنسرٹ ’دلو مناتی‘ کے دوران اپنے عقب میں ڈانس کرنے والے دیسی ڈانسرز کو معاوضہ ادا نہیں کیا ہے۔

گلوکار پر یہ الزام لاس اینجلس کے کوریوگرافر ’رجت بٹہ‘ کی جانب سے کانسرٹ کے بعد ڈانسرز کو رقم کی ادائیگی نہ کرنے پر لگایا گیا ہے۔

رجت بٹہ نے انسٹاگرام پر ایک پوسٹ کے ذریعے دلجیت دوسانجھ اور ان کی ٹیم کی جانب سے اختیار کیے گئے غیر پیشہ ورانہ رویے پر بات کی ہے، رجت بھٹہ کی یہ پوسٹ سوشل میڈیا پر وائرل ہے۔

لاس اینجلس سے تعلق رکھنے والے کوریوگرافر نے انسٹاگرام پوسٹ میں لکھا ہے کہ ’ہمیں بطور پنجابی اس بات پر فخر ہے کہ ہماری کمیونٹی کا ایک ستارہ (دلجیت دوسانجھ) اپنے کانسرٹس کی بدولت پوری دنیا میں سولڈ آؤٹ ایونٹس کی بدولت پنجابی زبان کی دھاک بٹھا رہا ہے۔‘

رجت بھٹہ نے اپنی طویل پوسٹ میں دلجیت دوسانجھ کی جانب سے بیک گراؤنڈ ڈانسرز کو معاوضہ ادا نہ کیے جانے کے عمل کو افسوسناک قرار دیتے ہوئے مزید لکھا ہے ’مگر ان سب چیزوں کے باوجود مجھے یہ کہتے ہوئے شدید مایوسی ہو رہی ہے کہ دلجیت دوسانجھ کے کانسرٹ دلو مناتی میں موجود پنجابی بھنگڑا آرٹسٹس کو اب تک ان کا معاوضہ ادا نہیں کیا گیا ہے۔‘

رجت بھٹہ کی جانب سے دلجیت دوسانجھ پر لگائے گئے الزام کے جواب میں اب تک گلوکار یا ان کی ٹیم کی جانب سے تو کوئی ردِ عمل ظاہر نہیں کیا گیا ہے البتہ دلو مناتی ٹور میں رقص کرنے والی پنجابی بھنگڑا ٹیم نے انسٹاگرام پر گلوکار پر لگنے والے الزامات کی تردید کی ہے۔

انسٹاگرام پر شیئر کی گئی پوسٹ میں بھنگڑا ٹیم نے کہا ہے کہ ’دلجیت دوسانجھ کی ٹیم نے جب ہم سے دلومناتی کنسرٹ میں پرفارم کرنے کے لیے رابطہ کیا تو وہ لمحہ ہمارے لیے ناقابلِ فراموش تھا۔‘

بھنگڑا ٹیم کا کہنا ہے کہ ’ہم دلجیت دوسانجھ اور ان کی ٹیم کے احترام اور پیشہ ورانہ مہارت کی تائید کرتے ہیں، جو پیار ہمیں دلجیت دوسانجھ سے ملا وہ ہمیشہ یاد رکھنے کے قابل ہے۔‘

بھنگڑا ٹیم کا اپنے بیان میں مزید کہنا ہے کہ ’پنجاب کا نام دنیا بھر میں روشن کرنے والے گلوبل آرٹسٹ دلجیت دوسانجھ کے ساتھ پرفارم کرنا ہمارے لیے ایک انمول تجربہ تھا جو ہم نے رضاکارانہ طور پر سر انجام دیا۔‘

بھنگڑا ٹیم نے گلوکار پر لگائے گئے الزامات کو رد کرتے ہوئے کہا کہ ’دلجیت دوسانجھ کا ہم پر کوئی ادھار نہیں ہے کیونکہ ہم نے دلومناتی کنسرٹ میں بحیثیت راضاکار پرفارم کیا تھا جسے ہم پنجابی کمیونٹی کے نام کرتے ہیں۔‘

اپنی پوسٹ کے اختتام پر بھنگڑا ٹیم نے کہا ہے کہ ’ہم آپ سب سے گزارش کرتے ہیں کہ کسی بھی طرح سے پنجابی گلوکاروں یا آرٹسٹ کو بدنام کرنے کی کوشش نہ کریں کیونکہ ہم متحد ہیں۔‘

اپنا تبصرہ لکھیں