دنیا بھر میں پیش آنے والے آئی ٹی مسئلے کی بحالی کا عمل جاری

گزشتہ روز دنیا بھر میں پیش آنے والے آئی ٹی مسئلے کی بحالی کا عمل جاری ہے۔ کاروبار اور سروسز آہستہ آہستہ بحال ہونا شروع ہوگئیں۔

ایئرلائنز کو درپیش تکنیکی مسائل کے سبب پروازوں کا آپریشن متاثر ہوا، جس کی وجہ سے دنیا بھر میں آج بھی 1500 سے زائد پروازیں منسوخ ہوگئیں۔

بہت سے کاروبار کو اب بیک لاگز کا سامنا ہے جنہیں حل کرنے میں کئی دن لگ سکتے ہیں۔

دوسری جانب امریکی و برطانوی ماہرین نے ہیکرز کی جانب سے کراؤڈ اسٹرائیک کے نام پر بوگس سافٹ ویئر فکسز بھیجنے کا انتباہ جاری کرتے ہوئے کہا کہ متعدد بدنیتی پر مبنی ویب سائٹس اور غیر سرکاری کوڈ جاری کیے جا رہے ہیں۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ آئی ٹی ماہرین صرف کراؤڈ اسٹرائیک کی ویب سائٹ سے انفارمیشن حاصل کریں۔

سائبر سیکیورٹی فرم کراؤڈ اسٹرائیک کے سی ای او جارج کرٹز کا کہنا ہے کہ صارفین کے ڈیوائسز کی مکمل بحالی فرم کا مشن ہے۔ درپیش آئی ٹی مسئلے کا حل جاری کر دیا ہے، تاہم مسئلے کے مکمل حل میں کچھ وقت لگ سکتا ہے۔

عالمی سائبر سکیورٹی فرم، سائبر کراؤڈ کی جانب سے جاری کردہ اپ ڈیٹ میں موجود ایرر سے ونڈوز استعمال کرنے والے کمپیوٹرز میں تکنیکی خرابی آ گئی تھی، کمپنی نے اس کا حل جاری کر دیا ہے۔

تاہم ماہرین کے مطابق ہر مشین کو سیف موڈ میں مینوئل ریبوٹ کی ضرورت ہوگی۔ اس تکنیکی مسئلے کی وجہ سے دنیا بھر میں ٹرانسپورٹ کا نظام، میڈیا، اسپتال اور دیگر شعبے متاثر ہوئے تھے۔

اپنا تبصرہ لکھیں